منگلورو، 21 مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی): کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑا کے بیلتنگڈی تعلقہ میں واقع چارمڈی گھاٹ پر ایک ٹراویلر ٹمپو الٹنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ منگلورو سے تقریباً 78 کلومیٹر دور چارمڈی گھاٹ پر ہفتہ کی صبح پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق، گاڑی گھاٹ کے نویں موڑ پر پہنچی تو اچانک بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں ٹمپو الٹ گئی۔ ٹمپو میں پڑوسی ضلع شموگہ کے بھدراوتی کے میلان ہلّی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 13 افراد سوار تھے۔
حادثے میں 59 سالہ شیکھرپا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر 9 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں اور بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بیلتنگڈی ٹریفک پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کشور پی اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے اور معائنہ کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔