داونگیرے، 23 مارچ (ایس او نیوز): کرناٹک کے داونگیرے شہر میں داونگیرے جنوبی اسمبلی حلقہ سے کانگریس پارٹی کی جانب سے مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہ دیے جانے کے خلاف اتوار کے روز مسلم برادری کی جانب سے زبردست احتجاج کیا گیا۔ شہر کے اہم مقام اختر رضا چوک پر ہزاروں افراد جمع ہوئے اور پارٹی قیادت کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا، وزیر اعلیٰ سرامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سمیت دیگر کانگریسی رہنماؤں کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پارٹی نے اقلیتوں کو نظرانداز کرتے ہوئے سماجی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پسماندہ مسلم طبقے کو نمائندگی نہ دینا حکومت کی اقلیت مخالف پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ اس حلقے سے مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے، مگر پارٹی قیادت نے اس مطالبے کو نظرانداز کرتے ہوئے ناانصافی کی ہے۔
اختر رضا چوک پر ہزاروں افراد کی موجودگی کے باعث تقریباً دو گھنٹے تک ٹریفک نظام بری طرح متاثر رہا۔ بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا، جبکہ علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
مظاہرین نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ وہ کانگریس کے خلاف ووٹ کریں گے۔ بعض مظاہرین نے یہاں تک کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل بھی کریں گے، لیکن کانگریس کو شکست دینا ہی ان کا بنیادی مقصد ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس سے انہیں سماجی انصاف کی امید تھی، لیکن مسلم سماج کو ٹکٹ نہ دے کر پارٹی نے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔