گلبرگہ، 25/مارچ (ایس او نیوز /شہباز احمد) ممتاز سماجی کارکن اور اسٹیٹ جوائنٹ سکریٹری کرناٹک مسلم پولیٹیکل فورم شاہ نواز خان نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ دوروز قبل داونگیرے ضمنی انتخاب میں مسلم ٹکٹ کے مطالبہ و اصرار کے باوجود کانگریس نے خاندانی و مووروثی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے مسلمانوں کے مطالبہ کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے اسمبلی ٹکٹ ایس ایس شامنور کے پوتے کو دی گئی۔
اس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مسلمان کانگریس کے لئے صرف ووٹ بینک ہے۔ بی جے پی جیسی کٹر مذہبی پارٹیوں کا خوف دلا کر مسلمانوں سے ووٹ حاصل کرنا کانگریس کی روایت رہی ہے اور اس رویہ میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ صورت حال یہ ہے کہ اب بی جے پی اور کانگریس کا رویہ مسلمانوں کے تئیں قریب قریب ایک جیسا ہی محسوس ہوتا ہے۔
اسمبلی اور پارلیمنٹ میں مسلم نمائندوں کی دن بہ دن گھٹتی ہوئی تعداد یہ سوچنے پر مجبور کررہی ہے کہ مسلمان اب کانگریس سے وفاداری ترک کرتے ہوئے ٹکٹ کی بھیک مانگنا چھوڑ دیں اور بہ طور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لیں۔ جیت ہار مقدر کی بات ہے، اس سے کم از کم یہ تو ہوگا کہ کانگریس مسلمانوں کے ووٹ بینک سے محروم ہوجائے گی۔
میری تمام مسلم امیدواروں سے دردمندانہ اپیل ہے کہ کانگریس سے ٹکٹ کی بھیک مانگنا چھوڑ دیں اور اپنے وجود کو ثابت کرنے کے لئے متحد ہوجائیں اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اپنی قسمت آزمائیں۔