ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کلبرگی میں قومی لوک عدالت کا کامیاب انعقاد: 1.76 لاکھ سے زائد مقدمات کا مصالحتی انداز میں تصفیہ

کلبرگی میں قومی لوک عدالت کا کامیاب انعقاد: 1.76 لاکھ سے زائد مقدمات کا مصالحتی انداز میں تصفیہ

Wed, 16 Jul 2025 11:22:40    S O News

کلبرگی، 16 جولائی (ایس او نیوز/ ایجنسی) ریاستی لیگل سروسز اتھارٹی کی ہدایت پر 12 جولائی کو کلبرگی ضلع کی تمام عدالتوں میں قومی لوک عدالت کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مصالحتی انداز میں بڑی تعداد میں مقدمات کا پُرامن تصفیہ کیا گیا۔

اس سلسلے میں سینئر سول جج و ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کے ممبر سکریٹری جناب سرینواس نوولے نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس لوک عدالت کے دوران جملہ 1,76,324 مقدمات کا تصفیہ عمل میں آیا، جن میں 15,877 زیر التواء مقدمات اور 1,60,447 پری لٹیگیشن معاملات (مقدمے سے قبل کے تنازعات) شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوک عدالت کے دوران 9 طویل مدتی ازدواجی تنازعات کو بھی فریقین کی باہمی رضا مندی سے حل کیا گیا، اور شوہر و بیوی کے درمیان صلح کروا کر دوبارہ باہم ملاپ کروایا گیا، جو ایک اہم اور انسانی پہلو تھا۔

اس قومی لوک عدالت میں سول مقدمات، موٹر وہیکل ایکسیڈنٹ کلیمز، دیوانی تنازعات، چیک باؤنس، زرعی اراضی معاوضہ، بینک کے معاملات اور دیگر مالی و سماجی تنازعات کو بھی خوش اسلوبی سے سلجھایا گیا۔

سرینواس نوولے نے بتایا کہ اس کامیاب کوشش میں ضلع کے تمام ججز، وکلاء، فریقین اور عوام نے بھرپور تعاون فراہم کیا، جس کے نتیجے میں عوام کو نہ صرف فوری بلکہ مصالحتی اور سستے انصاف کا موقع فراہم ہوا۔


Share: