ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اُڈیشہ میں حیران کن واقعہ: بینک سے رقم نکالنے کے لیے بھائی بہن کی ہڈیاں لے آیا

اُڈیشہ میں حیران کن واقعہ: بینک سے رقم نکالنے کے لیے بھائی بہن کی ہڈیاں لے آیا

Wed, 29 Apr 2026 12:06:02    S O News
اُڈیشہ میں حیران کن واقعہ: بینک سے رقم نکالنے کے لیے بھائی بہن کی ہڈیاں لے آیا

اُڈیشہ  ، 29/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) اُڈیشہ کے کیونجھر ضلع میں ایک قبائلی شخص مبینہ طور پر اپنی  بہن کی لاش کی ہڈیاں بینک لے گیا تاکہ وہ اس کے اکاؤنٹ سے رقم نکال سکے۔ یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا جب اسے بتایا گیا کہ ’’اکاؤنٹ ہولڈر کو ساتھ لاؤ‘‘، خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا۔

یہ واقعہ  اُڈیشہ گرامین بینک کی مالیپوسی برانچ میں پیش آیا، جو پٹنا بلاک، ضلع کیونجھر میں واقع ہے۔ شخص کی شناخت ۵۰؍ سالہ جیتو منڈا کے طور پر ہوئی ہے جو دیانالی گاؤں کا رہائشی ہے۔ وہ اپنی بڑی بہن کلرا منڈا (۵۶؍سال) کے اکاؤنٹ سے ۲۰؍ ہزار روپے نکالنا چاہتا تھا، جو ۲۶؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو وفات پا چکی تھی۔

جیتو منڈا نے صحافیوں کو بتایا ’’میں کئی بار بینک گیا، وہاں لوگوں نے کہا کہ پیسے نکالنے کے لیے اکاؤنٹ ہولڈر کو لاؤ۔ میں نے انہیں بتایا کہ وہ فوت ہو چکی ہے، لیکن انہوں نے میری بات نہیں مانی اور اصرار کیا کہ اسے ساتھ لاؤ۔ اسی غصے میں میں نے قبر کھود کر اس کی ہڈیاں نکالیں تاکہ اس کی موت کا ثبوت دے سکوں۔‘‘

پٹنا پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر کرن پرساد ساہو، جو اطلاع ملنے پر بینک پہنچے، نے خبر رساں ادارے کو بتایا’’جیتو ایک ان پڑھ قبائلی شخص ہے۔ اسے قانونی وارث یا نامزد (نامینی) کے طریقہ کار کا علم نہیں۔ بینک عملے نے اسے صحیح طریقہ نہیں سمجھایا کہ فوت شخص کے اکاؤنٹ سے رقم کیسے نکالی جاتی ہے۔‘‘

واقعہ کے بعد پولیس نے جیتو منڈا کو یقین دلایا کہ وہ اس کی بہن کے اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے میں مدد کریں گے۔ بعد ازاں ہڈیاں دوبارہ قبرستان میں پولیس کی موجودگی میں دفنا دی گئیں۔دوسری جانب مقامی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (BDO) مناس دندپت نے کہا کہ انہیں آنجہانی کلرا منڈا کے قانونی وارث کے بارے میں کسی نے رابطہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا’’مجھے آج ہی اس بارے میں معلوم ہوا ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ اس مسئلے کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے۔‘‘

رپورٹ کے مطابق، کلرا منڈا کے اکاؤنٹ میں نامزد شخص (nominee) بھی وفات پا چکا تھا، اس لیے جیتو منڈا ہی واحد دعویدار رہ گیا تھا۔ اب مقامی انتظامیہ نے بینک کو ہدایت دی ہے کہ ضروری کارروائی مکمل کر کے جلد از جلد جیتو منڈا کو رقم فراہم کی جائے۔


Share: