ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پٹرول، ڈیزل اور سونے پر ڈیوٹی میں اضافہ: پرینک کھرگے کا مودی حکومت پر شدید حملہ

پٹرول، ڈیزل اور سونے پر ڈیوٹی میں اضافہ: پرینک کھرگے کا مودی حکومت پر شدید حملہ

Sun, 17 May 2026 12:31:08    S O News

بنگلورو، 17 مئی (ایس او نیوز / ایجنسی)ریاستی وزیر پرینک کھرگے نے پٹرول، ڈیزل اور سونے پر درآمدی ڈیوٹی میں اضافے کے فیصلے پر مرکزی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

فیس بک پر جاری اپنے بیان میں پرینک کھرگے نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے اور حکومتی ناکامیوں کی ذمہ داری بھی عوام ہی پر منتقل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’سونا چھوڑنا اچھے دن ہے اور زندگی چھوڑ دینا امرت کال کہلائے گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ کووِڈ وبا کے دوران عوام سے برتن بجانے اور چراغ روشن کرنے کی اپیل کی گئی، جبکہ نوٹ بندی کے وقت بھی عوام کو وقتی دشواری برداشت کرنے کا مشورہ دیا گیا، لیکن ان فیصلوں کے سنگین اثرات عام لوگوں کو بھگتنا پڑے۔ اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور سونے کی خریداری سے گریز کے مشورے دیے جا رہے ہیں، جس سے عوام میں بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔

پرینک کھرگے نے سوال اٹھایا کہ 2024 میں کانگریس پر ’’منگل سوتر چھیننے‘‘ کا الزام لگانے والے آج خود سونے پر درآمدی محصول 6 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیوں کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ سونے کی قیمتیں تاریخی سطح تک پہنچ چکی ہیں اور اب عوام کو سونا نہ خریدنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو ’’سرجیکل اسٹرائیک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی عوام کی زندگی مشکل بنا چکی ہے اور اب مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

ریاستی وزیر نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، سرکاری خزانے کی کیفیت، ایندھن کے تحفظ سے متعلق اقدامات اور زیورات کی صنعت سے وابستہ لاکھوں خاندانوں کے مستقبل کے حوالے سے واضح پالیسی سامنے لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس معاملے پر وائٹ پیپر جاری کرنا چاہیے یا پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلا کر عوام کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کرنا چاہیے۔


Share: