جئے پور، 19/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) پنجاب کنگس نے راجستھان رائلس کے خلاف 10 رنوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پلے آف میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو مزید تقویت دی ہے۔ پنجاب نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر شاندار 219 رن بنائے۔ جواب میں راجستھان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مکمل 20 اوورس کھیل کر 7 وکٹوں پر 209 رن ہی بنا سکی۔ پنجاب کی اس فتح میں نہال وڈھیرا نے 37 گیندوں پر جارحانہ 70 رن بنا کر نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ مین آف دی میچ ہرپریت برار نے 4 اوورس میں صرف 22 رن دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بلے بازی کرنے کے لیے اتری پنجاب کنگس کی شروعات انتہائی خراب رہی، صرف 34 رن کے اسکور پر 3 وکٹ گر گئے تھے۔ اس کے بعد نہال وڈھیرا (37 گیندوں میں70 رن)، ششانک سنگھ (30 گیندوں میں 59 رن)، کپتان شریس ایئر (25 گیندوں میں 30 رن) اور عظمت اللہ عمر زئی (9 گیندوں میں 21 رن) کی اننگ کی وجہ سے پنجاب کنگس 5 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنوں کا ایک ناممکن سا ہدف راجستھان رائلس کے سامنے رکھنے میں کامیاب ہوا۔ اگر گیند بازی کی بات کی جائے راجستھان رائلس کی جانب سے تشار دیش پانڈے نے 2 وکٹ، کوین مفاکا، ریان پراگ اور آکاش مادھوال نے 1 وکٹ حاصل کی۔
220 رنوں کے جواب میں راجستھان کی ٹیم نے اننگ کی شروعات طوفانی انداز میں کی۔ سلامی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی اور یشسوی جیسوال نے 4.5 اوورس میں ہی 76 رن بنا ڈالے۔ راجستھان کی جانب سے دھرو جوریل (31 گیندوں میں 53 رن)، یشسوی جیسوال (25 گیندوں میں 50 رن)، ویبھو شوریہ ونسی (15 گیندوں میں 40 رن) اور کپتان سنجو سیمسن (16 گیندوں میں 20) رن نے ٹیم کو جیت دلانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن 7 وکٹوں کے نقصان پر 209 رن ہی بنا پائے۔ اگر پنجاب کے گیند بازوں کی بات کی جائے تو مین آف دی میچ ہرپریت برار نے 3 وکٹ، مارکو یانسن اور عظمت اللہ عمر زئی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح ہو کہ رواں آئی پی ایل سیزن میں راجستھان اپنی مسلسل ناقص کارکردگی کی وجہ سے 13 میچوں میں 6 پوائنٹس کے ساتھ 9ویں مقام پر ہے۔