ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ممتاز ادیب و شاعر عزیز بلگامی کے انتقال پر ادبی حلقوں میں افسوس

ممتاز ادیب و شاعر عزیز بلگامی کے انتقال پر ادبی حلقوں میں افسوس

Sat, 29 Nov 2025 12:30:07    S O News

بنگلورو ، 29/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ممتاز ادیب و شاعر اور نعت خواں جناب عزیز بلگامی کے انتقال کی خبر سے ادبی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ۔ جناب عزیز بلگامی کے انتقال کی خبر نہایت رنج و افسوس کا باعث ہے۔ وہ نہ صرف ہمارے لیے محترم تھے بلکہ اردو دنیا کا ایک قیمتی اثاثہ بھی تھے۔

Aziz-Belgami

کرناٹک اردو اکادمی کے چیئرمین مولانا محمد علی قاضی نے ان کی رحلت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔مولانا محمد علی قاضی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ "جناب عزیز بلگامی کی وفات کی خبر سے بے حدافسوس ہواہے۔ وہ ہم سب کے لیے نہایت محبوب اور قابلِ احترام تھے۔ اس مصیبت کی گھڑی میں ہم صرف اتنا ہی کہہ سکتے ہیں’ انا للہ وانا الیہ راجعون ‘’ہم سب اللہ کے لئے ہیں اور اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ اردو دنیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، مگر موت ایک ایسی حقیقت ہے جس سے کوئی مفر نہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی رحلت اردو ادب کے لیے ایک سنگین نقصان ہے۔ ان کی ادبی خدمات، انکسار، خوش اخلاقی اور سماجی خدمات نے انہیں ایک ممتاز مقام عطا کیا تھا۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ اپنی جانب سے اور کرناٹک اردو اکادمی کی پوری ٹیم کی طرف سے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

مولانا محمد علی قاضی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر و ہمت سے نوازے۔مرحوم عزیز بلگامی کو ان کی ادبی خدمات، نرم خوئی اور سماجی وابستگی کے باعث وسیع حلقوں میں قدردانی کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کی رحلت سے اردو ادب میں جو خلا پیدا ہوا ہے، اسے پر کرنا آسان نہ ہوگا۔


Share: