ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل اور سرسی میں سڑک حادثات؛ ایک بچے کی موت، چار افراد زخمی

بھٹکل اور سرسی میں سڑک حادثات؛ ایک بچے کی موت، چار افراد زخمی

Wed, 22 Apr 2026 12:56:19    S O News
بھٹکل اور سرسی میں سڑک حادثات؛ ایک بچے کی موت، چار افراد زخمی

بھٹکل 22/اپریل (ایس او نیوز) : ضلع اُترکنڑا   کے بھٹکل اور سرسی میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک آٹھ سالہ بچے کی موت ہوگئی جبکہ چار دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پہلا حادثہ سرسی تعلقہ کے مانولی شیڑیہولے کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم میں موٹر سائیکل پر سوار ایک بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے والد اور بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سریش سبرایا بھٹ اپنے تین بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر مانولی سے کلکی کی طرف جا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی Mahindra Thar نے ان کی بائک کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں تمام سوار سڑک پر گر پڑے۔

حادثے میں زخمی ہونے والے آٹھ سالہ چراغ بھٹ نے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ دیا، جبکہ سریش بھٹ اور ان کے ایک اور بیٹے کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس سلسلے میں سرسی دیہی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ادھر بھٹکل میں شمس الدین سرکل کے قریب پیش آئے ایک اور حادثے میں دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دونوں سوار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت کیرالہ کے ایرناکولم کے رہائشی منوج سیبیا (50) اور منگلورو کے سورتکل کے رہائشی عبدالجلیل (40) کے طور پر کی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دونوں زخمیوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے بالترتیب منی پال اور کنداپور منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ منوج سیبیا گوا سے بذریعہ موٹر سائیکل ایرناکولم جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ اس ضمن میں بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر لیا گیا ہے۔


Share: