ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کانگریس قیادت میں کوئی اختلاف نہیں، حکومت اپنی میعاد پوری کرے گی: وزیر اعلیٰ سدارامیا کا بیان

کانگریس قیادت میں کوئی اختلاف نہیں، حکومت اپنی میعاد پوری کرے گی: وزیر اعلیٰ سدارامیا کا بیان

Mon, 30 Jun 2025 18:16:45    S O News

میسورو، 30 جون (ایس او نیوز/ایجنسی)وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے بی جے پی کی جانب سے حکومت کے عدم استحکام کے دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست کی کانگریس حکومت مضبوطی سے قائم ہے اور اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں پارٹی متحد ہے اور قیادت کے درمیان کسی بھی طرح کا اختلاف موجود نہیں ہے۔

میسورو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا، "میں اور ڈی کے شیوکمار پوری طرح ایک ساتھ ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی دراڑ نہیں، اور نہ ہی کسی بیرونی طاقت کے کہنے پر کوئی اختلاف پیدا ہو سکتا ہے۔"

وزیر اعلیٰ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کانگریس کے ریاستی انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا کرناٹک کے دورے پر ہیں اور وہ پارٹی کے مختلف رہنماؤں، کارکنان اور ذمہ داروں سے ملاقات کر کے تنظیمی امور پر مشورے کر رہے ہیں۔

بی جے پی لیڈروں کی طرف سے دیے گئے اس بیان پر کہ "سدارامیا اس بار دسہرہ کا افتتاح نہیں کریں گے"، وزیر اعلیٰ نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، "بی جے پی کو جھوٹ بولنے کی کوئی حد نہیں، وہ ہر بات میں بے بنیاد دعوے کرتے ہیں۔"

انہوں نے طنزیہ انداز میں بی جے پی لیڈر شری راملو پر بھی نشانہ سادھا اور کہا، “جو شخص لوک سبھا اور اسمبلی دونوں انتخابات میں ہار چکا ہو، وہ دوسروں کے سیاسی مستقبل کی کیا پیش گوئی کرے گا؟”


Share: