کوپل ، 16/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)ضلع کوپل میں ایک دلخراش سڑک حادثے میں ٹریکٹر اور ٹینکر لاری کی ٹکر کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوگئے۔ یہ المناک واقعہ قومی شاہراہ نمبر 50 پر منیرآباد کے نزدیک تنگبھدرا آبی ذخیرہ کے علاقے میں پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تمام متاثرین وجئے نگر ضلع کے کُوڈلیگی تعلقہ کے مرلاینا ہلی گاؤں اور بلاری ضلع کے سندور تعلقہ کے یشونت نگر علاقہ کے رہنے والے تھے، جو کوپل کے مشہور ہولیگیمّا مندر جارہے تھے۔
مہلوکین میں کینچپا (35)، مہانتیش (18)، ایک سالہ بھرت، سویتا (12)، ماریش، گورمّا اور منجمّا شامل ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ تیز رفتار ٹینکر لاری نے پیچھے سے ٹریکٹر کو زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجہ میں بے قابو ٹریکٹر پل سے نیچے جاگرا۔ حادثہ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ہوسپٹ اور کوپل کے سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ بعض مریضوں کو بہتر علاج کیلئے بلاری یا بنگلورو منتقل کئے جانے کا امکان بھی بتایا گیا ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی وجئے نگر ضلع کی پولیس سپرنٹنڈنٹ جانوی، ہوسپٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے۔ پی۔ مرلی دھر اور کوپل ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایل۔ ارسیڈی موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ حادثے کے بعد اسپتال میں لواحقین کے رنج و غم کی فضا چھا گئی۔