ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ٹیکساس میں شدید بارش و سیلاب کی تباہی: 50 سے زائد ہلاکتیں، کیمپ مائسٹک سے 20 لڑکیاں لاپتہ

ٹیکساس میں شدید بارش و سیلاب کی تباہی: 50 سے زائد ہلاکتیں، کیمپ مائسٹک سے 20 لڑکیاں لاپتہ

Sun, 06 Jul 2025 17:02:50    S O News

ٹیکساس ، 6/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) امریکی ریاست ٹیکساس کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے نتیجے میں آنے والے اچانک سیلاب نے خوفناک تباہی مچائی ہے، جس میں اب تک 50 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جمعہ کی شب شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے چند گھنٹوں میں معمول سے کئی گنا زیادہ پانی برسا دیا، جس کے باعث ندی نالے ابل پڑے اور رہائشی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ صورتِ حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہوم لینڈ سیکورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے فوری ریلیف اور ریسکیو کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سیلاب کی شدت کو دیکھتے ہوئے اتوار، 6 جولائی کو ’ پریر ڈے ‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا:”ہِل کنٹری میں آنے والے سیلاب کے ردِ عمل میں اتوار، 6 جولائی کو ٹیکساس میں دعا کا دن منایا جائے گا۔ میں تمام ٹیکساس کے باشندوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس آفت سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے دعا کریں۔”

سی این این کی رپورٹ کے مطابق کیر کاؤنٹی میں واقع ایک نجی عیسائی سمر کیمپ ’کیمپ مائسٹک‘ سے 20 سے زائد لڑکیاں لاپتہ ہو گئی ہیں۔ یہ کیمپ ایک ندی کے کنارے واقع تھا، جس کا پانی صرف دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں 20 فٹ سے زائد بلند ہو گیا۔ حکام کے مطابق  کیر کاؤنٹی سے اب تک سینکڑوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں سے کئی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

سیکریٹری کرسٹی نوم نے ہفتہ کی رات ایکس پر اطلاع دی کہ امریکی کوسٹ گارڈ نے اب تک 223 افراد کو بچایا ہے یا ان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا:”اس وقت ہماری سب سے بڑی ترجیح لوگوں کی حفاظت ہے۔ ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ ہم انہیں جلد از جلد تلاش کر سکیں اور ان کے خاندانوں سے ملا سکیں۔ عوامی انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصان کا اندازہ بعد میں لگایا جائے گا۔”

نوم نے بتایا کہ صدر نے تمام وفاقی وسائل کو بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،تاکہ لاپتہ افراد کو تلاش کیا جا سکے، خاندانوں کو دوبارہ جوڑا جا سکے اور جاں بحق ہونے والوں کو باعزت طریقے سے واپس لایا جا سکے۔ انہوں نے لکھا:“DHS پوری طرح متحرک ہے اور میں مسلسل صدر کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ ہم چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور انہیں لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹ فراہم کر رہے ہیں۔ گارڈ بلیس ٹیکساس۔”

دوسری جانب، گورنر ایبٹ نے ایکس پر لکھا کہ ریسکیو ٹیمیں اس وقت تک کام جاری رکھیں گی، جب تک ہر لاپتہ ا فرد کو تلاش نہیں کر لیا جاتا۔ انہوں نے کہا:”ہمارا ریاست اور ہمارے لوگ کبھی ہار نہیں مانتے۔ ہم ہر متاثرہ شخص کی مدد کریں گے۔”


Share: