ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آدھار کی جگہ ووٹر شناختی کارڈ سے فلاحی ادائیگیوں کی تیاری، بی جے پی پر لاکھوں افراد کو حقوق سے محروم کرنے کا پون کھیڑا کا الزام

آدھار کی جگہ ووٹر شناختی کارڈ سے فلاحی ادائیگیوں کی تیاری، بی جے پی پر لاکھوں افراد کو حقوق سے محروم کرنے کا پون کھیڑا کا الزام

Thu, 05 Nov 2026 16:41:01    S O News

نئی دہلی ، 5/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مرکزی وزیر برائے پنچایتی راج، ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کو ان کے آدھار نمبروں کی بنیاد پر کی جانے والی ادائیگیوں کی جگہ جلد ہی ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت ان کے بایومیٹرک اور ووٹر شناختی کارڈ (ای پی آئی سی) نمبروں کا استعمال کرتے ہوئے ادائیگیاں کی جائیں گی۔ یہ بیان انھوں نے گزشتہ جمعہ کو وزارت پنچایتی راج کے زیر اہتمام ’پیپلز پلان کیمپین 27-2026‘ کے قومی ورکشاپ کے دوران دیا، جس پر کانگریس نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے اسے ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس قدم کے ذریعہ لاکھوں ہندوستانیوں کو جمہوری و فلاحی دونوں نظاموں سے باہر دھکیلنے کی تیاری ہو رہی ہے۔

پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کر کہا ہے کہ ’’مرکزی وزیر للن سنگھ کے مطابق آدھار کی جگہ ووٹر شناختی کارڈ لے گا۔ یہی شروع سے (بی جے پی کا) منصوبہ تھا۔‘‘ وہ لکھتے ہیں کہ ’’ایس آئی آر کی کارروائی کے ذریعہ الیکٹورل لسٹس سے پہلے ہی کم از کم 13.3 کروڑ ہندوستانیوں کے نام خارج کیے جا چکے ہیں۔ اب ووٹر شناختی کارڈ نہ ہونے کو راشن، رہائش، ہیلتھ انشورنس اور روزگار کی گارنٹی جیسی سہولتوں سے محروم کرنے کی بنیاد کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔‘‘

پون کھیڑا نے مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے الیکٹورل لسٹس سے نام خارج کر کے لوگوں کو ان کی سیاسی آواز سے محروم کرو، پھر الیکٹورل لسٹس میں نام نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں فلاحی سہولتوں اور مراعات سے بھی محروم کر دو۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ لاکھوں ہندوستانیوں کو جمہوری اور فلاحی دونوں نظاموں سے باہر دھکیل دیا جائے گا۔ کانگریس لیڈر نے اس سلسلے میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہیں دوسرے درجے کا شہری بنا دیا جائے گا اور ان حقوق سے محروم کر دیا جائے گا جو بحیثیت شہری انہیں حاصل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر للن سنگھ نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’مزید ایک بات کہہ دینا چاہتا ہوں کہ اب آدھار استفادہ کنندگان کو ادائیگی کرنے کی جو بنیاد ہے، وہ آدھار کارڈ نہیں رہے گا۔ آدھار کارڈ بنانے والے جو ادارے ہیں، وہ ہر گلی میں موجود ہیں۔ آپ جس کا کہیے، ابھی 5 منٹ میں آدھار کارڈ بنا کر تیار کر دیں گے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’وہ آدھار کارڈ اب (ادائیگی کی) بنیاد نہیں رہے گا۔ جو بھی استفادہ کنندگان ہیں، ان کی ادائیگی کے لیے بایومیٹرک اور ان کے ووٹر شناختی کارڈ کا ای پی آئی سی نمبر ہی ادائیگی کی بنیاد بنے گا۔ اسی سے مکمل ادائیگی ہوگی۔‘‘


Share: