ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مذہب و ذات گھر تک محدود رکھیں، عوامی زندگی میں صرف ہندوستانی بن کر جئیں: وزیراعلیٰ سدارامیا کا پیغام

مذہب و ذات گھر تک محدود رکھیں، عوامی زندگی میں صرف ہندوستانی بن کر جئیں: وزیراعلیٰ سدارامیا کا پیغام

Mon, 16 Jun 2025 11:13:08    S O News

بنگلورو، 16 جون (ایس او نیوز) : وزیراعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے کہا ہے کہ ہر شہری کو اپنی ذات اور مذہب کی عزت کرنی چاہیے، لیکن جب ہم سماج میں قدم رکھیں تو صرف اور صرف ہندوستانی ہونے کی حیثیت سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام طبقات، مذاہب اور برادریوں کو مساوی درجہ دینا کانگریس پارٹی کا بنیادی اصول ہے۔

سدارامیا کوڈوا سماج کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اعزازی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کوڈوا برادری کی حب الوطنی، نظم و ضبط، ثقافتی ورثے اور قومی خدمات میں ان کی شراکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ برادری تعداد میں کم ہے، لیکن ملک کے لیے ان کی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے کوڈوا برادری کی فوج، کھیل، سیاست اور دیگر شعبوں میں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے جذبۂ خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے سابق کوڈوا لیڈران اے کے سبّیا اور ایم سی نانیا کی جرأت مندانہ تقاریر کو یاد کیا اور کہا کہ موجودہ رہنما پوننّا بھی انہی صفات کے حامل ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فیلڈ مارشل کے ایم کریاپّا کے نام پر بنگلورو میٹرو کے ایک اسٹیشن کا نام رکھنے کی تجویز کو ریاستی کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور اس پر جلد فیصلہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد تمام پسماندہ طبقات کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے تاکہ سماج میں سب کو یکساں ترقی کا موقع ملے۔ سدارامیا نے کہا، ’’ذات اور مذہب کی پیروی ہر ایک کا نجی معاملہ ہے، لیکن ہمیں سماجی زندگی میں صرف ہندوستانی بن کر رہنا چاہیے۔‘‘

اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزرا کے جے جارج، بائرتی سریش، کرشنا بائرے گوڑا، وزیراعلیٰ کے قانونی مشیر پوننّا، اور رکن اسمبلی منتھرا گوڑا بھی موجود تھے۔


Share: