بیلگاوی ، 18/ دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے بیلگاوی میں منعقدہ فاطمہ کیتھیڈرل کے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ :" ہم سب کو ایسے مفاد پرست عناصر سے چوکنا رہنا چاہیے جو سماج میں آپسی تفریق کو ہوا دیتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ " مفاد پرست عناصر کی طرف سے سماج کو فرقہ وارانہ خطوط پر بانٹنے کی منصوبہ بند کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ ہمیں ان سے ہوشیار رہنا چاہیے ۔ کوئی بھی مذہب نفرت اور تشدد نہیں سکھاتا ۔ محبت اور ہمدردی تمام مذاہب کے بنیادی عناصر ہیں ۔ سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ہمارے ملک کا دستور ہم پر زور دیتا ہے کہ ہم ایک سیکیولر سماج کی تشکیل کریں ۔ ہمیں یہ بات سمجھنی چاہیے اور دستور کی روح کے مطابق عمل کرنا چاہیے ۔"
انہوں نے کہا کہ ہم ایک کثیرالثقافت اور کثیراللسانی سماج میں رہتے ہیں ۔ ہمارے ملک میں بہت سے مذاہب اور ذاتوں کے لوگ بستے ہیں ۔ ہر ایک کے لئے اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ جینا ضروری ہے ۔ ہمیں پیار اور محبت کی بنیاد پر ایک انسانی سماج کی تشکیل کرنی چاہیے ۔ نوجوانوں کے اندر سائنٹفک سوچ پروان چڑھنی چاہیے ۔ ہر ایک کو ایسا سماج دینے کے لئے جد و جہد کرنا چاہیے جہاں سب کو یکساں مواقع حاصل ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے تعلیم ، علاج و معالجہ اور سماجی خدمات کے میدان میں عیسائی برادری کی خدمات کی ستائش کی ۔
وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے طلبہ، پادریوں اور ڈایوسیس کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد کرسمس کے جذبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیک کاٹا ۔
اس موقع پر ڈایوسیس کے ہیڈ بشپ ڈیریک فرنانڈیز نے کہا کہ سدا رامیا کی قیادت والی ریاستی حکومت نے محروم طبقات کی ترقی کے لئے کئی پروگرام اور اسکیمیں شروع کی ہیں ۔ ریاستی حکومت نے ہمیشہ چرچ کے اقدامات کو حمایت دی ہے اور کرناٹک بھر میں انہیں درپیش مسائل حل کیے ہیں ۔