ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بی جے پی دن میں خواب دیکھ رہی ہے، کانگریس حکومت اپنی مدت پوری کرے گی: سدارامیا

بی جے پی دن میں خواب دیکھ رہی ہے، کانگریس حکومت اپنی مدت پوری کرے گی: سدارامیا

Thu, 03 Jul 2025 11:56:16    S O News
بی جے پی دن میں خواب دیکھ رہی ہے، کانگریس حکومت اپنی مدت پوری کرے گی: سدارامیا

چکبالاپور، 3 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی): وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت مکمل پانچ سال کی مدت کے لیے قائم رہے گی اور وہ خود پورے دورِ حکومت تک وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے دن میں خواب دیکھ رہے ہیں کہ حکومت تبدیل ہو جائے گی، مگر یہ ان کا محض وہم ہے۔

چکبالاپور کے نندی ہلز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ بی جے پی کو سچ بولنا نہیں آتا۔ وہ صرف جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں آخر انہوں نے کون سا ایسا ترقیاتی کام کیا ہے جس پر وہ فخر کر سکیں؟

سدارامیا نے کہا کہ موجودہ حکومت مضبوط اور مستحکم ہے، اور کانگریس پارٹی کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گرانے کے خواب دیکھنے والے مایوس ہوں گے، کیونکہ یہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے پسماندہ طبقات کی مردم شماری کے سلسلے میں کہا کہ اگر کسی کو گھر پر معلومات فراہم کرنے میں دقت ہو تو وہ آن لائن بھی اپنی ذات یا طبقہ درج کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر بنگلور جیسے شہری علاقوں میں اگر کوئی شخص سماجی دباؤ محسوس کرتا ہے تو وہ ڈیجیٹل سہولت کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

کابینہ میں توسیع کے سلسلے میں سدارامیا نے وضاحت کی کہ ریاستی کابینہ میں صرف 34 وزراء کی گنجائش ہے جبکہ کانگریس کے پاس 142 اراکینِ اسمبلی ہیں، اس لیے ہر کسی کو وزیر بنانا ممکن نہیں۔ وزارت سے متعلق فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں کابینہ اجلاس ریاست کے تمام ریونیو ڈویژنس میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ گلبرگہ، میسور اور بنگلور میں اجلاس ہو چکے ہیں، اور آئندہ دنوں میں بیلگاوی اور وجے پور میں بھی اجلاس منعقد ہوں گے۔ اس وقت چکبالاپور میں بنگلور ڈویژن کا کابینہ اجلاس جاری ہے۔

اختتام پر وزیر اعلیٰ نے ریاست میں بہتر بارش، فصل کی شادابی اور عوام کی خوشحالی کے لیے دعائیں کیں اور کہا کہ حکومت امن، ترقی اور انسانیت پر مبنی معاشرہ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


Share: