نئی دہلی،13؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دہلی ڈیر ڈیولس کے کپتان ظہیر خان آئی پی ایل کی تاریخ میں 100 وکٹ لینے والے سب سے عمردراز بالر بن گئے ہیں۔ ظہیر نے یہ کامیابی جمعہ کو فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں رائزنگ پونے کے خلاف دو وکٹ لے کر حاصل کی۔دہلی کے کپتان ظہیر خان نے جیسی ہی رائزنگ پونے کے اوپنر اجنکیا رہانے کو پویلین بھیجا ان کے نام یہ کامیابی درج ہو گئی۔ ظہیر نے 38 سال 217 دن کی عمر میں آئی پی ایل میں اپنے 100 وکٹ پورے کئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ آشیش نہرا کے نام تھا۔ آشیش نے 37 سال 217 دن کی عمر میں یہ کامیابی حاصل کی۔ظہیر نے اس میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوور میں 25 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کئے۔ظہیر نہرا کے بعد 100 وکٹ کا ہندسہ پار کرنے والے دوسرے بائیں ہاتھ کے گیندباز بھی بن گئے ہیں۔ظہیر نے اپنے 99 ویں آئی پی ایل میچ میں وکٹوں کے اعداد و شمارکو 101 تک پہنچا دیا، وہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند بازوں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔