ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ایس ایس کے عزائم کی تہہ تک پہنچنا وقت کا تقاضہ: قمرالاسلام

آر ایس ایس کے عزائم کی تہہ تک پہنچنا وقت کا تقاضہ: قمرالاسلام

Tue, 09 May 2017 10:51:04    S.O. News Service

کلبرگی، 8؍ مئی (ایس او نیوز)میں پچھلے 40سالوں سے ملت اسلامیہ کی مخلصانہ خدمت انجام دے رہا ہوں ، زندگی کی آخری سانس تک ملت اسلامیہ کے خادم کی حیثیت سے خدمت کروں گا ۔ یہ جذباتی اعلان ڈاکٹر الحاج قمر الاسلام سابق وزیر ورکن اسمبلی کلبرگی شمال نے کیاہے ۔ وہ کل رات بلند پرواز کالونی کلبرگی میں اپنے دفتر کا افتتاح انجام دینے کے بعد نوجوانوں کی کانگریس میں شمولیت کے ضمن میں منعقدہ جلسہ عام کو مخاطب کر رہے تھے ۔ ڈاکٹر الحاج قمر الاسلام نے مزید کہاکہ انہوں نے نہ صرف کلبرگی بلکہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک کی ترقی کے لئے بہت کچھ کیا ہے لیکن ان کی 40سالہ سیاسی عوامی زندگی کاسب سے بڑااثاثہ کلبرگی میں ملی اتحاد اور سیکولرزم کا استحکام ہے ۔ انہوں نے آر ایس ایس کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے قیام کا مقصد ہی ہندوستان کو ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنا ہے ۔ انہوں نے آر ایس ایس کے پہلے سنچالک گروگوالکر کی کتاب بنچ آف تھاٹ کے حوالہ سے کہاکہ اس کتاب میں ہندوستان کو ہندو راشٹرا بنانے اور اقتدار حاصل کرنے کے لئے کس طرح فرقہ وارانہ خطوط پر کام کیاجا ئے ۔ مکمل رہنمائی موجود ہے ۔ الحاج قمر الاسلام نے مزید کہاکہ سیکولر ذہن رکھنے والے صحافیوں ، دانشوروں کو اس بات کی تہہ تک جانا چاہیے کہ بی جے پی کے ممبران لوک سبھا کی تعداد2سے بڑھکر 189تک پہنچ جانے کے لئے آخر کون ذمہ دار ہیں ؟انہوں نے مزید بتایاکہ 1992میں وزیر اعظم نرسمہاراؤ سے ملاقات کرنے والے وفد میں وہ بھی شامل تھے ۔ مجاہد ملت ابراہیم سلیمان سیٹھ ، مولانا مجاہد الاسلام قاسمی نے وفد کی قیادت کی تھی ۔ وفد کو نرسمہاراؤ نے بابری مسجد کی حفاظت کرنے اور اتر پردیش میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ لیکن وہ اپنی بات سے مکر گئے اور بابری مسجد شہید ہو گئی ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستان کے مسلمان کو ملک کی عدلیہ پر پورااعتمادہے اور اسے یقین تھا کہ ملک کی عدالت عالیہ سپریم کورٹ سے مسلمانوں کو انصاف ملے گا ۔ چنانچہ سپریم کورٹ نے ایل کے اڈوانی ، اومابھارتی اور مرلی منوہر جوشی جیسے بی جے پی کے قائدین اور بابری مسجد کے دیگر ملزمین کے خلاف انہدام بابری مسجد مقدمہ چلانے کی ہدایت دی یقیناًبابری مسجد حق ملکیت مقدمہ میں بھی سپریم کورٹ کافیصلہ مسلمانوں کے حق میں آئے گا ۔ اسی لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ نے محمد سفیان گروپ ، فیاض حسین گروپ جنتادل یاسین گروپ جنتادل محمد صادق گروپ ، فیروز گروپ جنتادل ، شعیب گروپ ، تبریز گروپ ، محمد عمر گروپ اور نوجوانوں کے مختلف گروپس کی ڈاکٹر الحاج قمر الاسلام کی قیادت پر اعتماد کااظہار کرتے ہو ئے کانگریس میں شمولیت کااعلان کیا۔ قمر الاسلام نے نوجوانوں کے گروپ لیڈر س کے ہاتھوں میں کانگریس کاجھنڈا دیتے ہو ئے کانگریس میں شمولیت کے لئے انہیں مبارکباد دی ۔ ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ ملک کی تاریخ میں آج سیکولرزم کو سب سے بڑ ا خطرہ لاحق ہوا ہے ۔ فرقہ پرست وفاشسٹ تنظیمیں ہندوستان کو ہندوراشٹر میں تبدیل کرنے کے درپئے ہیں انہوں نے مزید کہاکہ آر ایس ایس اور دیگر فرقہ پرست تنظیموں نے کرناٹک میں زعفرانی اقتدار لانے کے لئے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے خصوصا کلبرگی شمال اسمبلی حلقہ میں سنگین خطرات منڈلارہے ہیں ڈاکٹر قمر الاسلام کی شکل میں موجود کلبرگی کی بے باک مسلم قیادت کو ختم کرنے کے لئے تمام حربے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزاپائی کے مصداق ، ملت کے دانشور وں ، علماء اوراصحاب فکر کوموجودہ حالات کی سنگینی کو محسوس کرنے اور کلبرگی کی مسلم قیادت کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ ملت میں انتشار پیداکرنے کے لئے معصوم نوجوانوں کا استحصال کیا جا رہاہے ۔ انہوں نے تمام دانشوران ، مفکرین ، علماء ومشائخین سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ طاقتوں کو شکست دینے کیلئے قمرالاسلام کی بھر پور حمایت کریں اور متفقہ امیدوار بنانے اور دیگر امیدواروں کو دستبردار کروانے کی بھر پور سعی کریں، کیوں کہ قمر الاسلام ہی ایسے مدبر قائد ہیں جو علاقہ حیدر آباد کرناٹک میں بی جے پی کو شکست دینے کی کامیاب حکمت عملی اور حوصلہ رکھتے ہیں ۔جلسہ کو شرن کمار مودی مےئر کلبرگی ،الحاج سلیم صدیقی سابق ڈپٹی مےئر،محمد زاہد سابق مےئر،الحاج محمد اسلم سابق چیرمین،امتیاز صدیقی نے مخاطب کیا۔سید احمد سابق مےئر ،فراز الاسلام ،توفیق دیسائی،مقبول احمد سگری اور دیگر اصحاب شہ نشین پر موجود تھے۔قبل ازیں فراز الاسلام نے دفتر قمرالاسلام کا افتتاح انجام دیا۔


Share: