دہرادون،5؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتراکھنڈ میں بارش اور سیلاب میں اب تک 13لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔اکیلے پوڑی گڑھوال میں 6کی جان گئی ہے۔وہیں پہاڑوں پر ہو رہی بارش کی وجہ سے ہریدوار میں گنگا کی آبی سطح انتباہ سطح 293میٹر اوپر 293.30تک پہنچ گئی ہے۔ساتھ ہی بارش سے ٹہری ڈیم کی آبی سطح مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ٹہری ڈیم کی جانب سے ٹہری ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھ کر آگاہ کیا گیا ہے کہ مسلسل پہاڑوں پر ہو رہی بارش سے ڈیم کی آبی سطح مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔اس کے بعد ڈیم سے پانی چھوڑا جا سکتا ہے،اس کے لئے آگے ندیوں کے کنارے انتباہ جاری کرنے کی ضرورت ہے۔عام طور پر 560کیوسک پانی چھوڑا جاتا ہے پر جس طرح سے بھاری بارش ہو رہی ہے اس کے بعد پانی کی مقدار بڑھانی پڑے گی۔ایسے میں ٹہری ڈیم سے چھوڑا گیا پانی 4گھنٹے میں دیوپریاگ، اور 9گھنٹے میں شکش تک پہنچ جائے گا اور دھرمنگری ہریدوار میں پہنچنے میں اس کو11گھنٹے کا وقت لگے گا۔