برپیٹا،4اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نچلے آسام کے برپیٹا ضلع میں واقع برپیٹا میڈیکل کالج ہسپتال کا منگل کی صبح ریاست کے صحت اور تعلیم کے وزیر ڈاکٹر ہمنت وشوشرما نے اچانک دورہ کیا۔صبح 9بجے ہی وزیر ڈاکٹر وشوشرما بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ہسپتال میں پہنچ گئے،جس وقت وزیر صحت ہسپتال میں پہنچے، اس وقت 50فیصد ہی ڈاکٹر اور ملازمین موجود تھے، باقی غائب تھے۔اس موقع پر میڈیا کو ڈاکٹر وشوشرما نے بتایا کہ ہسپتال کے نفسیاتی محکمہ میں ایک بھی ڈاکٹر موجود نہیں تھا،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں کافی تعداد میں ملازمین بھی موجود نہیں تھے۔برپیٹا میڈیکل کالج ہسپتال کی خراب خدمات کو لے کر کافی عرصے سے الزام لگ رہے تھے، جس کی حقانیت کی جانچ پڑتال کرنے کے لئے وزیر صحت خود پہنچ گئے۔وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ اپنے فرض سے باز رہنے والے ڈاکٹر اور ملازمین کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے گا،تاکہ مستقبل میں کوئی بھی اس طرح سے غفلت نہ کر سکے۔وزیر صحت کے اس قدم کا مقامی لوگوں کے ساتھ ہی ہسپتال میں علاج کرا رہے لوگوں نے استقبال کیا۔