ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بسوں کے لئے اشتہارات کی تجدید نہیں ہوگی بی ایم ٹی سی کے فیصلہ سے کارپوریشن کو ماہانہ ایک کروڑ روپئے کا خسارہ

بسوں کے لئے اشتہارات کی تجدید نہیں ہوگی بی ایم ٹی سی کے فیصلہ سے کارپوریشن کو ماہانہ ایک کروڑ روپئے کا خسارہ

Mon, 08 May 2017 10:58:34    S.O. News Service

بنگلورو،7؍مئی(ایس او نیوز) بنگلور میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( بی ایم ٹی سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ بسوں میں لگے اشتہارات کو آئندہ سال منظوری نہیں دی جائے گی۔ اس سے بسوں میں سوار مسافروں کو پریشانی ہوتی ہے۔ واضح ہو کہ 4ہزار بی ایم ٹی سی بسوں پر لگے شیشہ کی کھڑکیوں کے اوپر اشتہارات ہوتے ہیں جس سے مسافر باہر کا نظارہ نہیں دیکھ سکتے۔اس سلسلہ میں بی ایم ٹی سی بس انتظامیہ کو بہت ساری شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے آئندہ سال سے اس کو بند کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ حالانکہ ایسا کرنے سے بی ایم ٹی سی کو ایک کروڑ روپئے کا ماہانہ خسارہ برداشت کرنا پڑے گا۔ بی ایم ٹی سی کے ایک سینئر افسر نے اس سلسلہ میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہمارے لئے یہ ایک بہت بڑا فیصلہ ہے۔ مگر مسافروں کی سہولت کیلئے بہت ضروری تھا کہ اس کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر 2013میں ہمیں2مختلف کمپنیوں سے5سال تک کے لئے اشہارات کے آرڈرس ملے تھے اس لئے ان اشتہارات کو بسوں سے اتارنے کے لئے ہمیں2018تک انتظار کرنا پڑے گا۔ مگر یہ بات طے ہے کہ بی ایم ٹی سی بسوں کے شیشوں پر اشتہارات لگانے کیلئے آئندہ کوئی آرڈرس نہیں لئے جائیں گے۔ بی ایم ٹی سی کے اس فیصلہ سے مسافروں میں خوشی کی لہر ہے۔ کیمپے گوڈا بس اسٹینڈ سے یشونت پور تک ریگیولر سفر کرنے والے منی راجو نے اس سلسلہ میں بتایا کہ یہ فیصلہ بس مسافروں کے لئے بہت ہی بہتر ہے اس لئے کہ بعض روٹ میں کافی بھیڑ ہوتی ہے بس آتے ہی لوگ اندر گھس جاتے ہیں مگر انہیں باہر کا منظر نہیں دکھائی دینے کی وجہ سے یہی نہیں معلوم ہوپاتا ہے کہ ان کا اسٹیشن کب آیا اور چلاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایم ٹی سی سے ریگیولر سفر کرنے والے کسی طرح اپنی منزل پر اترجاتے ہیں مگر باہر سے آنے والوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لئے کہ انہیں اس کا پتہ ہی نہیں چل پاتا ہے کہ انہیں کہاں اترنا ہے۔ بی ایم ٹی سی کے ایک کنڈکٹر نے بتایاکہ وہ ہر اسٹاپ پر مسافروں کو اس کی اطلا ع دیتے ہیں مگر بعض دفعہ زیادہ بھیڑ کی وجہ سے وہ مسافروں کو ٹکٹ دینے میں مصروف ہوجاتے ہیں اور باہر کا منظرنہیں دیکھ پانے کی وجہ سے مسافر کو اپنی منزل کا پتہ نہیں چل پاتا ہے جس سے انہیں منزل سے ایک2اسٹاپس بعد میں اترنا پڑتا ہے۔ اس سے مسافروں کو بہت پریشانی ہوتی ہے۔ کنڈکٹر نے اپنی مجبوری کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس سلسلہ میں کچھ نہیں کرسکتے۔ گلاس پینل سے اشتہارات کو ہٹانے کے اس فیصلہ پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسافروں کو نہ صرف اپنی منزل تک پہنچنے میں آسانی ہوگی بلکہ وہ شہر کے خوبصورت علاقوں کا نظارہ بھی کرسکیں گے۔ ملیشورم سے جالہلی تک سفر کرنے والے ایک مسافر نے بتایا کہ وہ روزانہ اس روٹ پر بی ایم ٹی سی بس سے سفر کرتے ہیں۔بی ایم ٹی سی کی بسوں کی حالت بہتر ہے مگر بعض دفعہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ کسی کو ٹھری میں بند کردیاگیاہو۔ اس لئے کہ بس میں بہت زیادہ بھیڑ ہونے سے انہیں باہر کا منظر بالکل نہیں دکھائی دیتا۔ انہیں کھڑے کھڑے اپنی منزل تک سفر کرنا پڑتا ہے بہت ہی اچھا ہوگا ، بسوں میں لگے گلاس پینل سے اشتہارات ہٹادےئے جائیں گے۔


Share: