ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبنداورمدرسہ حسینیہ کے بانی مولانا ازہر رانچی کا انتقال

رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبنداورمدرسہ حسینیہ کے بانی مولانا ازہر رانچی کا انتقال

Sun, 14 May 2017 11:11:08    S.O. News Service

نئی د ہلی، 13؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جمعےۃ علماء ہندکے صدرمولاناقاری سید محمد عثمان منصورپوری اورجنر ل سکریٹری مولانامحمودمدنی نے مولانا ازہر نائب صدر جمعےۃ علماء ہند ورکن شوری دارالعلوم دیوبند کے انتقال پرملال پرگہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔مولانا مرحوم آج دوپہر رانچی میں اپنے قیام گاہ پر طویل علالت کے بعد رحلت فرماگئے۔ وہ پچانوے سال کے تھے۔ انھوں نے ۱۹۵۸ء میں رانچی میں’’ مدرسہ حسینیہ ‘‘قائم کیا ، جس کے تاحیات مہتمم وذمہ دار رہے ۔ مولانا مرحوم کے لواحقین میں اہلیہ ، پانچ بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں ۔ان کے صاحبزادے مولانا محمد کی اطلاع کے مطابق کل دوپہر دو بجے رانچی میں تدفین عمل میں آئے گی ۔مولانا ازہر طویل عرصے سے دارالعلوم دیوبند کے رکن شوری اور جمعےۃ علما ء ہند کے نائب صدراور مجلس عاملہ کے موقر رکن رہے ۔وہ جمعےۃ علماء بہار اور جھارکھنڈ کے بھی مشترکہ صدر رہے ، سال ۲۰۰۹ء میں جماعتی سطح پر جھارکھنڈ کو الگ یونٹ بنادیا گیا تو اس کے بعد سے تادم واپسیں جھارکھنڈ کی صدارت کے لیے منتخب ہوتے رہے ۔مولانا مرحوم ، دارالعلوم دیوبند اور جمعےۃ علماء ہند کے تحریکو ں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے اور جھارکھنڈ میں اصلاح معاشرہ کی مہم کے روح رواں تھے۔وہ حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ کے خاص شاگرد اورخلیفہ مجاز بھی تھے ۔حضرت شیخ الاسلامؒ کے خادم خاص کی حیثیت سے انھیں سفر و حضر میں ان کے ساتھ رہنے کا شرف حاصل ہوا۔حضرت مدنی ؒ کے وصال کے بعد فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ کی ماتحتی میں بدستور مدنی منزل دیوبند میں مکتوبات کے جوابات کی ذمہ داری نبھائی ،لیکن مدرسہ کے قیام کے بعد رانچی منتقل ہوگئے اور وہیں بودوباش اختیار کرلی ۔مولانا تصوف و ذکر اذکار کے علاوہ دیگر ملی وسماجی خدمات میں بھی سرگرم رہے۔مولانا منصورپوری اور مولانامدنی نے مولانا مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر و استقامت کی تلقین کی ہے ، نیز دعائے مغفرت کرتے ہوئے جماعتی احباب و متعلقین اور ارباب مدارس کو متوجہ کیاہے کہ وہ ان کے لیے دعائے مغفرت او ر ا یصال ثواب کا اہتما م کریں۔


Share: