کاروار 8؍مئی (ایس او نیوز) ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے نے کہا کہ ریاستی حکومت ذات پات کی تفریق کے بغیر عوام کو سماجی انصاف دلانے میں یقین رکھتی ہے ۔لہٰذا سرکارنے عوامی فلاح و بہبود کے لئے جو اسکیمیں جاری کی ہیں ان سے ذات پات کی تفریق کے بغیر گزشتہ چار سال سے سماج کے ہرضرورتمندطبقے کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
وزیر موصوف کاروار کے ضلع رنگا مندر میں ضلع انتظامیہ اور محکمہ پریس و رابطہ عامہ کے اشتراک سے سرکاری اسکیموں سے فیض یاب ہونے والے افراد سے ملاقات کے لئے منعقدہ "جن من"پروگرام میں خطاب کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی ماحول میں جتنے وعدے کیے گئے تھے ، حکومت نے ان میں سے بیشتر کو پورا کیا ہے۔اور یہ پروگرام ان اسکیموں کے فائدے اور کوتاہیوں سے متعلق جائزہ لینے اور کسی قسم کی کمی بیشی کی صورت میں اسے درست کرنے کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔
ضلع کے ہر تعلقہ سے حکومت کی ہرا سکیم سے فیض یاب ہونے والے پانچ پانچ منتخب نمائندوں کو اس "جن من" پروگرام میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔ اسٹیج پرلگے ایل ای ڈی اسکرین پر ویڈیو کے ذریعے حاضرین کو حکومت کی اسکیموں کے تعلق سے معلومات فراہم کی گئی۔ اس کے بعد وزیر موصوف نے ہرایک نمائندے سے براہ راست گفت و شنید کی اور ان اسکیموں پر عمل پیرائی کے تعلق سے ان کے تاثرات معلوم کیے۔
پروگرام کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول استقبالیہ خطاب کیا۔ضلع پنچایت سی ای او مسٹر ایل چندرشیکھر نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔مہمان خصوصی کے بطور ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر ، فشریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر راجیندرا نائک ،کاروار بلدیہ صدر گنپتی نائک،ضلع پنچایت نائب صدر سنتوش رینکے وغیرہ نے شرکت کی۔