ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صفائی کی تربیت کیلئے خاکروبوں کی دوسری ٹیم سنگاپور روانہ،دس ہزار خاکروبوں کو مستقل ملازمت جلد: ایشور کھنڈرے

صفائی کی تربیت کیلئے خاکروبوں کی دوسری ٹیم سنگاپور روانہ،دس ہزار خاکروبوں کو مستقل ملازمت جلد: ایشور کھنڈرے

Tue, 25 Jul 2017 11:12:47    S.O. News Service

بنگلورو،24؍ جولائی(ایس او نیوز) سنگاپور میں صفائی اور گندگی کی نکاسی کیلئے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے اور دیگر امور کا جائزہ لینے کیلئے ریاست کے مختلف اضلاع سے منتخب 39 صفائی کارکنوں کی دوسری ٹیم آج سنگاپور کیلئے روانہ ہوگئی۔وزیر بلدی انتظامیہ ایشورکھنڈرے نے اس ٹیم کو وکاس سودھا سے وداع کیا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے سنگاپور جانے والے کارکنوں کو ویزا اور دیگر دستاویزات پیش کئے اور ان کے سفر کی کامیابی کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس ٹیم میں محکمۂ بلدی انتظامیہ کے تین عہدیدار بھی شامل رہیں گے۔اس چار روزہ دورہ کے دوران وہاں گندگی کی نکاسی ، گندے پانی کی صفائی اور اس کی پروسیسنگ سمیت دیگر سہولیات کا خاکروبوں کی یہ ٹیم جائزہ لے گی اور اسی طریقۂ کار کو ریاست میں استعمال کرنے کی تربیت حاصل کرے گی۔ ایک خاکروب کے دورہ پر ریاستی حکومت75 ہزار روپے خرچ کررہی ہے ، جبکہ ہر خاکروب کو جیب خرچ کیلئے حکومت کی طرف سے پانچ ہزار روپے ادا کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایشورکھنڈرے نے بتایاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے کنٹراکٹ کی بنیاد پر کام کرنے والے دس ہزار خاکروبوں کی خدمات کو باقاعدگی دینے کی پہل کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان دس ہزار کارکنوں کو باقاعدگی دینے کیلئے ہی ان کے کنٹراکٹوں کی منسوخی شروع کی جارہی ہے۔ مستقل ملازمت ملنے کے بعد ان خاکروبوں کو ماہانہ 17تا24ہزار روپیوں کی تنخواہ اور دیگر سرکاری سہولیات میسر رہیں گی۔ان میں حفظان صحت ، انشورنس، ٹی اے ڈی اے ، گھریلو الونس وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بیرون ممالک میں صفائی کے متعلق جانکاری حاصل کرنے آنے والے دنوں میں کم از کم ایک ہزار صفائی کارکنوں کو بیرن ملک دورہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 


Share: