ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آسام اسمبلی نتائج: کانگریس اور اے آئی یو ڈی ایف کی کارکردگی مایوس کن، نشستوں میں نمایاں کمی

آسام اسمبلی نتائج: کانگریس اور اے آئی یو ڈی ایف کی کارکردگی مایوس کن، نشستوں میں نمایاں کمی

Tue, 05 May 2026 12:09:16    S O News

گوہاٹی ، 5/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) آسام میں کل ۱۲۶؍ نشستوں میں سے۸۲؍ سیٹیں بی جے پی نے جیت لی ہیں۔ جبکہ کانگریس کو۱۹؍ اورمولانا بدرالدین اجمل کی پارٹی اے آئی یو ڈی ایف کو صرف۲؍ نشستیں ملی ہیں۔پچھلے اسمبلی الیکشن میں کانگریس نے ۲۹؍سیٹیں جیتی تھیں جبکہ اے آئی یوڈی ایف کو ۱۶؍سیٹیں ملی تھیں۔اس اعتبار سے دونوں ہی پارٹیوں کو بڑا نقصان ہوا ہے۔

نتائج کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ  آسام کےپربتجھورا حلقے میں مقابلہ کانگریس اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ کے۲؍ مسلم امیدواروں کے درمیان رہا۔ یہاں اے آئی یو ڈی ایف کے ابو طاہر بیپری چوتھے نمبر پر رہے اور انہیں صرف۵۶۲۶؍ ووٹ ملے۔ گولاک گنج میں اے آئی یو ڈی ایف کے امیدوار جمشید تالقدار۲۴۸۱؍ ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ اصل مقابلہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان تھا۔ گوری پور میں اے آئی یو ڈی ایف کے امیدوار نجانور رحمان دوسرے نمبر پر رہے، جہاں ان کی سیدھی ٹکر کانگریس سے تھی۔

بنناکانڈی سیٹ سے اے آئی یو ڈی ایف کے مولانا بدرالدین اجمل نے خود کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اپنے قریبی حریف آسام جاتیہ پریشد کے رضاؤل کریم چودھری کو شکست دی۔ گولپارا ایسٹ سے کانگریس کے ابوالکلام رشید عالم نے آسام گن پریشد کے عبدالرحیم کو ہرایا۔ یہاں اے آئی یو ڈی ایف کے حافظ بشیر احمد۷۸۳۸؍ ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

دھوبری سیٹ سے کانگریس کی بی بی بیگم نے۷۰؍  ہزار سے زائد ووٹوں سے اے آئی یو ڈی ایف کے نظر الحق کو شکست دی۔ دالگاؤں سے اے آئی یو ڈی ایف کے مجیب الرحمان نے تقریباً ۳۰؍ہزار ووٹوں سے آزاد امیدوار عین الحق کو ہرایا۔ چینگا میں اے آئی یو ڈی ایف کے اشرف الحسن، کانگریس کے عبدالرحیم سے تقریباً۸۷؍ ہزار ووٹوں سے ہار گئے۔

سماغوری میں کانگریس کے تنزیل حسین نے بی جے پی کے انیل سائیکا کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی، جبکہ اے آئی یو ڈی ایف کے عبدالعزیز تیسرے نمبر پر رہے۔ کریم گنج نارتھ میں کانگریس کے زکریا احمد نے بی جے پی کے سبرتا بھٹاچاریہ کو تقریباً۱۹؍ ہزار ووٹوں سے ہرایا، اور اے آئی یو ڈی ایف کے حب الرّسول تیسرے نمبر پر رہے۔ کریم گنج ساؤتھ میں کانگریس کے امین الر اشد چودھری نے آسام گن پریشد کے اقبال حسین کو۷؍  ہزار ووٹوں سے شکست دی، جبکہ اے آئی یو ڈی ایف کے شہاب الدین صرف۸۳۹؍ ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔آسام میں اے آئی یو ڈی ایف نے۲۷؍ نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے، لیکن چند ایک سیٹوں کو چھوڑ کر یہ پارٹی مسلم ووٹروں کی نہ پہلی اور نہ دوسری پسند بن سکی۔ اے آئی یو ڈی ایف کے مقابلے میں زیادہ مسلم ووٹروں نے کانگریس، آسام گن پریشد اور آسام جاتیہ پریشد کو ترجیح دی۔


قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے ۱۹؍ سیٹیں جیتی ہیں جن میں سے ۱۸؍ مسلم امیدوار ہیں۔ان میں محمد اشرف الاسلا م شیخ(پربھات جھورا)، عبدالسبحان علی سرکار(غوری پور)،بی بی بیگم(دھبری)، واجد علی چودھری(برسنگ جورا)، آفتاب الدین ملاح (جالیشور)، عبدالکلام رشید عالم(گولپاڑہ ایسٹ)، محمد نورالاسلام(سری جنگرام)، عبدالرحیم احمد(چھینگا)، ذاکر حسین سکدر(پکابیتاباری)، رقیب الدینا حمد (چھمریا)، ڈاکٹر آصف محمدنظر (لہری گھاٹ)، نورالہدیٰ (روپئی ہاٹ)، تنزیل حسین (سماغوری)، امین الحق لشکر (سونائی)، زبیر انعم مجمدار(الگپور)، زکریا احمد (کریم گنج نارتھ) اور امین الرشید چودھری (کریم گنج ساؤتھ) شامل ہیں۔

دیگر پارٹیوں کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے مسلم امیدواروں میں ٹی ایم سی کے واحد  امیدوارشیرمان علی احمد (منڈیا) اورآر جے آر ڈی کے محبوب مختار (ڈھینگ) شامل ہیں۔ اس طرح کل ۲۲؍مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔


Share: