لکھنؤ، 5/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) اترپردیش میں پیر کی صبح ایک بار پھر موسم نے کروٹ لی جس کے بعد خوفناک آندھی، بارش اور آسمانی بجلی نے بھاری تباہی مچائی۔ اس دوران کئی اضلاع میں بجلی گرنے کی وارداتیں سامنے آئی ہیں جس سے کھیتوں میں کام کر رہے کسانوں اور کھلی جگہوں پر موجود لوگ زد میں آ گئے۔ کچھ مقامات پر شدید طوفان کے باعث درخت اور دیواریں گرنے سے بھی جان و مال کا نقصان ہوا۔ اطلاعات کے مطابق موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ہوئے مختلف حادثات میں 23 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے منگل کے لیے 21 اضلاع میں گرج چمک اور ژالہ باری کے لیے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔
اودھ کے اضلاع میں پیر کی صبح اچانک تیز آندھی اور بارش کے دوران ہونے والے حادثات میں 7 لوگوں کی جان چلی گئی۔ گونڈہ میں مختلف مقامات پر درخت گرنے، بجلی کے تار ٹوٹنے اور خراب موسم میں کار الٹنے سے 4 افراد نے الگ الگ علاقوں میں دم توڑ دیا۔ وہیں بلرام پور میں بھی درخت گرنے سے ایک ای رکشہ ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ دوسری طرف بہرائچ اور امبیڈکر نگر میں بجلی گرنے سے 2 نوجوانوں کی دردناک موت ہو گئی۔
بدلتے موسم کے درمیان پیر کو بھی اتر پردیش کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سنبھل میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد کاس گنج میں 97 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بریلی میں 54.6 ملی میٹر، بارہ بنکی میں 53 ملی میٹر، مراد آباد میں 45 ملی میٹر اور گورکھپور میں 41.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح بلرام پور، علی گڑھ اور گورکھپور سمیت کئی اضلاع میں 80 سے 85 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں۔ جس کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 10 سے 12 ڈگری تک گر گیا۔ نشیبی علاقوں میں خنکی اور ٹھٹھرن بھی محسوس کی گئی۔ بارہ بنکی میں 26.5 ڈگری سیلسیس کے ساتھ ریاست کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 12.1 ڈگری کم ہے۔ وہیں شاہجہاں پور 27.8 ڈگری سیلسیس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے منگل کے لیے 21 اضلاع میں گرج چمک اور ژالہ باری کا اورنج الرٹ جاری کیا ہے جب کہ 30 اضلاع میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ لکھنؤ کے علاقائی موسمیاتی مرکز کے سینئر سائنسدان اتل کمار سنگھ کے مطابق اگلے 3 دنوں تک ریاست میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آسمانی بجلی گرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 5 سے 7 مئی کے درمیان بھی کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان ہے جن میں باندہ، چترکوٹ، کوشامبی، پریاگ راج، فتح پور، پرتاپ گڑھ، سون بھدر، مرزا پور، چندولی، وارانسی، بھدوہی، جونپور، غازی پور، اعظم گڑھ، مئو، بلیا، رائے بریلی، امیٹھی، سلطان پور، ایودھیا، امبیڈکر نگر اور اطراف کے علاقے شامل ہیں۔