ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / معین علی کی ہیٹ ٹرک، جنوبی افریقہ کو 239رنز سے شکست

معین علی کی ہیٹ ٹرک، جنوبی افریقہ کو 239رنز سے شکست

Tue, 01 Aug 2017 16:50:22    S.O. News Service

لندن،یکم اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اسپنر معین علی کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 239رنزسے شکست دے کر سیریز میں دو، ایک کی برتری حاصل کر لی۔اوول کے تاریخی کرکٹ گراونڈ پر کھیلے گئے 100ویں ٹیسٹ کے آخری روز جنوبی افریقہ نے 117رنز 4کھلاڑی آوٹ پر نامکمل اننگز شروع کی۔مہمان ٹیم کو پہلا نقصان باووما کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 32رنز بنا کر ورلینڈجونز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور160رنز تھا۔اسی اسکور پر فلینڈر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔اگلے آوٹ ہونے والے بیٹسمین موریس نے 24رنز کی اننگز کھیلی، وہ معین علی کی گیند پر اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔معین علی کا اگلا اوورجنوبی افریقہ کے لئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوا۔ پہلے ایلگر 136رنز بناکر کیچ آوٹ ہوئے ، پھر اگلی دو گیندوں ربادا اور مورکیل کی وکٹ لے کر معین نے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کردیا۔یہ اوول کے گراونڈ پر کسی بھی انگلش بولرکی پہلی اور 79سال بعد کسی بھی انگلش اسپنر کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔انگلینڈ نے دوسری اننگز آٹھ وکٹ پر 313 رنز بنا کر ختم کردی اور جنوبی افریقہ کو 492رنز کا ہدف دیا۔انگلینڈ کی جانب سیدوسری باری میں ٹام ویسٹلے 59، جونی بیئرسٹو 63، جوروٹ 50 ،جیننگز 48 اور بین اسٹوکس 31رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں پروٹیز نے صرف 52رنز پر چار وکٹ گنوا دی تھیں۔آخری اسکور یہ رہا۔ انگلینڈ 353اور 313 رنز آٹھ کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ جنوبی افریقہ 173اور 252رنز۔چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو۔ایک کی برتری حاصل ہے۔سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ 4اگست سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔


Share: