بھٹکل 14 مئی (ایس او نیوز): بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی شام قریب سات بجے کے بعد اچانک موسم نے کروٹ لی۔ تیز ہواؤں، بادلوں کی گرج، آسمانی بجلی کی چمک اور موسلا دھار بارش نے شدید گرمی سے پریشان عوام کو وقتی راحت تو پہنچائی، تاہم پڑوسی ضلع اڈپی میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثے نے ماحول کو سوگوار بنادیا۔
گنگولی پولس تھانہ حدود میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں قومی شاہراہ کے تعمیراتی کام سے وابستہ ایک مزدور ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تراسی کے قریب ملّی کٹے کے اراٹے پل پر پیش آیا، جہاں قومی شاہراہ سے متعلق مرمتی اور تعمیراتی کام جاری ہے۔ مہلوک کی شناخت پنجاب سے تعلق رکھنے والے آئی آر بی (IRB) کمپنی کے مزدور اشیتوش سنگھ (35) کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ ان کے ساتھ موجود نوجوت سنگھ (37) خوش قسمتی سے جان بچانے میں کامیاب رہا۔
بھٹکل، بیندور، کنداپور اور اطراف کے علاقوں میں کئی دنوں سے شدید گرمی اور حبس کا ماحول تھا۔ جمعرات کی شام اچانک خوفناک گرج چمک اور بجلی کی کڑک کے ساتھ بارش شروع ہوگئی۔ اسی دوران اشیتوش سنگھ اور نوجوت سنگھ اراٹے کے پرانے پل کی مرمت سے متعلق کاموں کا جائزہ لینے کے لیے پل پر موجود تھے۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق شام تقریباً سات بجے اچانک ایک زور دار آسمانی بجلی اشیتوش سنگھ پر آگری۔ بجلی گرنے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ وہ موقع پر ہی زمین پر گر پڑا اور اس کی فوری موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے دوران اس کے ساتھ موجود نوجوت سنگھ شدید خوفزدہ ہوگیا، تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ گنگولی پولیس نے معاملہ درج کرکے ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کنداپور سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر ساحلی کرناٹکا کے مختلف علاقوں میں اچانک ہوئی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور شدید گرمی سے عوام کو کافی راحت ملی، تاہم آسمانی بجلی سے پیش آئے اس جان لیوا حادثے نے لوگوں میں خوف و ہراس بھی پیدا کردیا ہے۔