منڈگوڈ 14؍مئی (ایس او نیوز)شہر کے گاندھی نگر علاقے میں ایک گھر کا تالا توڑ کر چوری کی واردات انجام دی گئی ہے تو وہیں اسی علاقہ کے ایک گھر کے قریب پارک کی گئی کار بھی لے کر چور رفوچکر ہونے کی واردات پیش آئی ہے ۔موصولہ رپورٹ کے مطابق مہانتیا نامی شخص کے گھرپر چوری کا واقعہ آدھی رات کے بعد پیش آیا ہے۔جس میں چوروں نے ایک لاکھ 48ہزار روپے مالیت کے سونے کے زیورات، 8400روپے مالیت کے چاندی کے زیورات اور نقد 10ہزار روپوں پر ہاتھ صاف کیا ہے۔ اس طرح مالک مکان کو کل ایک لاکھ 66ہزار روپے کا نقصان ہوا ہے۔
مہانتیا کی شکایت پرپولیس نے معاملہ درج کرکے فنگر پرنٹس ماہرین کی مدد سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
چوری کی دوسری واردات میں شہر کے گاندھی نگر میں گھر کے قریب پارک کی گئی کار آدھی رات کے وقت چرالے جانے کی واردات پیش آئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پیشے سے کار ڈرائیور ایرپاایلیگار نے اپنی ٹاٹا اے سی اے کار رات کے وقت گھر قریب پارک کی تھی۔ لیکن صبح اٹھنے پر پتہ چلا ہے کہ پارک کی گئی جگہ سے کار غائب ہے۔ چوری کی گئی کار کی قیمت 1.5لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ اس ضمن میں ایرپا ایلیگار نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔