منگلورو21؍مئی (ایس او نیوز) ایم آر پی ایل میں بر سر ملازمت ایک نوجوان کی موت واقع ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے جس کے بارے میں شبہ ہے وہ کُتّے کے کاٹنے سے ہونے والی بیماری rabiesکا شکار ہوگیا تھا۔ہلاک شدہ نوجوان کا نام سوشانت (۲۳سال) بتایا جاتاہے۔
کہا جاتا ہے کہ سوشانت نے اپنے ساتھیوں کو بتایا تھا کہ تین ماہ قبل اس کے گھر میں پالتو کتا جھپٹنے سے جسم پر خراشیں آئی تھیں۔لیکن سوشانت نے اس کے لئے کوئی علاج نہیں کروایا تھا۔کچھ ہی دنوں بعد ان کاوہ کتا مر گیامگر کسی نے بھی اس طرف سنجیدگی سے دھیان نہیں دیا۔ دودن پہلے اچانک سوشانت کو بہت تیز بخار آنے پر اسپتال میں داخل کیا گیالیکن دوسرے دن اس کی موت واقع ہوگئی۔ اسپتال کے ڈاکٹروں نے سوشانت کو rabiesہونے کی تصدیق تو نہیں کی البتہ یہ ضرور کہا کہ اس کی موت کتے کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی پیچیدگی کانتیجہ ہے۔