بنگلورو:14؍مئی (ایس اونیوز) اس سرزمین پر سب سے اچھا انسان وہ ہے جو قرآن مجید کو سیکھے اور سکھائے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان کو اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات کا درجہ عطا فرمایا۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پابندی کریں ان خیالات کا اظہار مدرسہ عربیہ ضیاء الہدیٰ کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید مومن شاہ قاسمی نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے اوپر نعمتوں کا بوچھار کیا ہے۔ علمائے دیوبند، جمعیۃ علماء ہند اور تبلیغی جماعت سے ہمارا تعلق ہے۔ یہی وہ جماعتیں ہیں جس سے اللہ تعالیٰ ملک وملت کی خدمات لے رہا ہے۔ ملک کی آزادی میں جس طرح ہمارے اسلاف نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ آج نئی نسل ان کی قربانیوں کو فراموش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تشخص کے ساتھ ہمیں اپنے اسلاف کی طرح ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اسلامی سمر کیمپ اور مدرسہ میں زیر تعلیم طلباء و طالبات نے علمی صلاحیتوں کا بہترین انداز میں مظاہرہ کیا۔ مہمانان خصوصی مفتی اصغر علی قاسمی ، مفتی عارف اللہ مظاہری، مولانا محمد رحمت اللہ شاہی، مولانا اکرم مظاہری، مفتی مصدق قاسمی ،ناصر سراجی اور دیگر کے ہاتھوں بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ حافظ محمد علیم خان نے تلاوت قرآن سے جلسہ کا آغاز کیا۔ مفتی محمد سبیل نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ مسجد طٰہٰ کے صدر اکرم پاشاہ ،سکریٹری عبد الستار اور دیگر نے مولانا سید مومن شاہ قاسمی کو تہنیت پیش کیا۔ دعا کے بعد جلسہ کا اختتام ہوا۔