ابوجا، 22/نومبر (ایس او نیوز) جنوبی نائیجیریا کی ریاست بایلسا میں ایک مسافر بردار کشتی الٹنے سے کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 24 دیگر افراد کو زندہ بچالیا گیا۔ حادثہ جمعہ کے روز پیش آیا تھا، تاہم اس کی خبر اتوار کو بین الاقوامی میڈیا میں سامنے آئی۔ بعض رپورٹوں کے مطابق کشتی میں تقریباً 300 افراد سوار تھے، جو ایک جنازے میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ کشتی میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث وہ نن ندی کے درمیان الٹ گئی۔
حادثے کے بعد پولیس، میرین پولیس اور مقامی غوطہ خوروں نے تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کیں۔ بچائے گئے بعض افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی کے آپریٹر نے مبینہ طور پر مسافروں کی جانب سے کشتی کو کنارے لگانے کی درخواست نظرانداز کی تھی اور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ حکام نے کشتی کے منیجر کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔