بنگلورو،2؍مئی(ایس او نیوز)وزیر داخلہ اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا کہ بہت جلد سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر ایچ وشواناتھ جنتادل (ایس) میں شامل ہوجائیں گے۔آج منگلور کے سرکیوٹ ہاؤز میں اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وشواناتھ کانگریس کے ایک سینئر لیڈر ہیں انہیں توقع ہے کہ وہ کانگریس میں ہی برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وشواناتھ کو جو بھی اعتراض ہے اسے نمٹانے کے سلسلے میں جلد ہی وہ ان سے بات چیت کریں گے اور ان کی شکایت کو حتی الامکان دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی جیت کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ان انتخابات میں کانگریس پارٹی نے جیت حاصل کی ، لیکن اس کے ساتھ اسے بہت بڑا سبق بھی ملا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر پرمیشور کے ہمراہ وزیر جنگلات رمناتھ رائے، وزیر شہری رسد وخوراک یوٹی قادر اور دیگر قائدین موجود تھے۔