نئی دہلی،10مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) محکمہ انکم ٹیکس نے عام آدمی پارٹی( آپ) کو ایک نوٹس بھیج کرپوچھاہے کہ اکاؤنٹ میں مبینہ جعل سازی اور اس کو ملے چندے پر جان بوجھ کرٹیکس ادائیگی سے بچنے کی کوشش کے لئے اس پر کیوں نہیں مقدمہ چلانا چاہئے۔محکمہ نے پارٹی کے کنوینردہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال اورتین دیگرکووجہ بتاؤنوٹس جاری کیاہے اوراس مہینے کے پہلے نصف تک پارٹی کاجواب مانگاہے۔محکمہ انکم ٹیکس نے پارٹی پرتخمینہ سال 2014-15 میں ملے چندے پر درست رپورٹ نہیں دینے کا الزام لگایا ہے۔ سال بھر کی تحقیقات کے بعداس مدت میں 30.08 کروڑ روپے کا چندہ ملنے کا پتہ لگا ہے۔انکم ٹیکس حکام نے کہاکہ پارٹی کی طرف سے عوامی نمائندگی قانون کی دفعات کے تحت اس کو اور الیکشن کمیشن کوسونپی گئی پہلی آڈٹ رپورٹ غلط اور من گڑھت ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان الزامات کے پیش نظر محکمہ انکم ٹیکس قانون کے تحت دفعہ 277 اے (توثیق میں فرضی حقیقت)اور276 سی(جان بوجھ کر ٹیکس دینے سے بچنے کے)کے تحت عدالت میں استغاثہ شکایت(چارج شیٹ)داخل کرنا چاہتا ہے۔عدالت میں الزام ثابت ہونے پرملزم پرزیادہ سے زیادہ تین سال قیدکی سزااورجرمانہ لگایاجاسکتاہے۔