ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈاکٹروں میں سماجی خدمت کے تئیں جذبہ ہونا ضروری: کرناٹکا کےوزیرصحت رمیش کمارکا اظہار خیال

ڈاکٹروں میں سماجی خدمت کے تئیں جذبہ ہونا ضروری: کرناٹکا کےوزیرصحت رمیش کمارکا اظہار خیال

Wed, 12 Apr 2017 14:06:20    S.O. News Service

بنگلورو۔11؍اپریل(ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت رمیش کمار نے کہاکہ ریاست کے 53میڈیکل کالجوں میں سالانہ چھ ہزار ڈاکٹرس فارغ ہورہے ہیں اس کے باوجود بھی ریاست میں ڈاکٹروں کی قلت کا مسئلہ برقرار ہے۔ آج شہر میں ہیلتھ کیئر سمٹ کا افتتا ح کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابل کرناٹک میں سب سے زیادہ میڈیکل کالجس ہیں، یہاں سے سالانہ چھ ہزار ڈاکٹرس ڈگریاں حاصل کرکے فارغ ہوتے ہیں یہ ڈاکٹر اگر ریاست کے پرائمری ہیلتھ سنٹرس پر کام کرنے کیلئے آمادہ ہوں اور دیہی علاقوں میں خدمات انجام دیں تو ضلع اور تعلقہ اسپتالوں کے علاو ہ پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں ڈاکٹروں کی کوئی کمی نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹروں میں سماجی خدمت کا جذبہ شاید ختم ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ اچھی تنخواہوں والے نجی اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے میڈیکل کالجوں میں پانچ میڈیکل کالج کو سوپر اسپیشالٹی اسپتال بنانے کا منصوبہ حکومت کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلقہ مراکز پر آیوش سنٹرس کے ذریعہ بہترین طبی خدمات مہیا کرانے کیلئے حکومت نے اپنی پابندی کا بارہا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آیوش مراکز میں الیکٹرانک سہولت کے ذریعہ طبی خدمات مہیا کرانے کے منصوبے کو بھی حکومت آگے بڑھانے تیار ہے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ صحت نے طے کیاہے کہ ریاست میں ہر 35ہزار کی آبادی کیلئے ایک ایمبولنس متعین کی جائے۔ فی الوقت ریاست بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 870 ایمبولنس دوڑ رہے ہیں۔ رواں بجٹ میں ریاست کی طبی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ نے 5818کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ محکمۂ صحت کی تمام اسکیموں کو ان فنڈز کے استعمال سے مرحلہ وار کامیاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی وزارت صحت اور محکمۂ خاندانی بہبود کے اشتراک سے اس طرح کی کارگاہوں کا اہتمام عمل میں آیا ہے۔اس موقع پر مرکزی محکمۂ خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیشورن نے کہاکہ حکومت کی طرف سے لاگو کی گئی نئی ہیلتھ انشورنس سہولت 50تا60 کروڑ لوگوں تک پہنچائی گئی ہے۔ صحت میں سدھار حکومت کیلئے ایک چیلنج سے کم نہیں ۔محکمۂ صحت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ،لیکن اس کیلئے ماہر عملہ کو تربیت سے آراستہ کرنا بھی ضروری ہے، اس کے بغیر ریاست بھر میں شعبۂ صحت کو سدھارنا مشکل ہوگا۔اس موقع پر کیرلا کی وزیر صحت شیلیجا ، نیشنل ہیلتھ مشن کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رتن کیلکل اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔


Share: