نئی دہلی، 2؍مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )الیکشن کمیشن نے اننت ناگ میں لوک سبھا ضمنی انتخاب کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی موجودہ صورتحال فی الحال آزادانہ اورغیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کے لیے موزوں نہیں ہے۔یہاں ضمنی الیکشن پہلے 12؍اپریل کو ہونے والا تھا ، جس کو قانون وانتظام کی خراب صورتحال کی وجہ سے 25؍مئی تک ملتوی کر دیا گیا تھا ۔کمیشن نے کل دیر رات نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ کافی تعداد میں سیکورٹی اہلکار دستیاب نہ ہونا انتخابی عمل کو منسوخ کرنے کی ایک وجہ ہے۔10صفحات کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ذرائع ابلاغ میں چل رہی خبروں کے مطابق، الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے نیم فوجی دستوں کی تقریبا 740کمپنیوں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا، حالانکہ وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ وہ نیم فوجی دستوں کی صرف 300کمپنیاں ہی مہیا کرا سکتا ہے۔غورطلب ہے کہ ایک کمپنی میں عام طور پر تقریبا 100جوان ہوتے ہیں، ریاستی حکومت نے اس سے پہلے وادی میں لاء اینڈآرڈر کی صورت حال کے پیش نظر ضمنی انتخابات منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی۔دوسری طرف وادی میں جاری بدامنی کے درمیان گورنر این این ووہرا نے آج وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ریاست سے وابستہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔سنگھ اور ووہرا نے 40منٹ کی میٹنگ میں وادی کے زمینی حالات اور اس پرقابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔حکومتی ذرائع نے کہا کہ میٹنگ میں سرحد پار سے دراندازی، علیحدگی پسندانہ سرگرمیوں اور سڑکوں پر طلباء کے مظاہرے جیسے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں لیڈروں کی ملاقات میں سرحد پر موجودہ حالات پر بھی بات چیت ہوئی، جہاں پاکستانی فوج نے کل دو جوانوں کے سر کاٹ دیئے تھے ۔گورنر ووہرا وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔غورطلب ہے کہ جموں و کشمیر میں 9 ؍اپریل کو سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لیے ہوئی ووٹنگ کے دوران تشدد بھڑک گیا تھا، جس میں ریاست میں 200سے زیادہ واقعات میں آٹھ افراد کی جان چلی گئی۔الیکشن کمیشن نے 25؍مئی کو اننت ناگ لوک سبھا کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب کو بھی منسوخ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ انتخابات کرانے کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں ۔کلگام ضلع میں کل حزب المجاہدین کے دہشت گردوں نے ایک بینک کی کیش وین سے کھینچ کر سات افراد کو قتل کر دیاتھا، جن میں پانچ پولیس اہلکاربھی شامل تھے۔