ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گنگولی کے قریب مرونتے نیشنل ہائی وے پر دو کاروں کی ٹکر؛ ایک ہلاک،پانچ زخمی

گنگولی کے قریب مرونتے نیشنل ہائی وے پر دو کاروں کی ٹکر؛ ایک ہلاک،پانچ زخمی

Mon, 01 May 2017 14:38:04    S.O. News Service

کنداپوریکم مئی (ایس او نیوز) کنداپو رتعلقہ کے گنگولی کے قریب مرونتے نیشنل ہائی وے 66 پر دو کاروں کی ٹکر میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ دو  بچوں سمیت پانچ لوگ شدید زخمی ہوگئے، جنہیں کنداپور میں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد منی پال شفٹ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایک چار سالہ بچی سمیت دو کی حالت نازک  ہے ۔

حادثہ اُس وقت پیش آیاجب بنگلور کی ایک کار  گوا نمبرپلیٹ والی ایک کار سے کافی تیزی کے ساتھ ٹکراگئی۔ حادثے میں ایک کار ڈرائیور کنداپور اسپتال لے جانے کے بعد ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت بنگلور ایم جے روڈ کے رہنے والے دھنا پانڈیان (37) کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ جبکہ اسی کار پر سوار دھناپانڈیان کی والدہ، والد ، اہلیہ اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے، جن  کی شناخت بالترتیب سروجہ (55)، کاماچی (62)، واسوکی (32)، نیدرشن (8) اورکمالی (4) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ان سبھوں کو منی پال اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

حادثے کے شدت کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکر میں دونوں کاروں کے پرخچے اُڑ گئے ہیں، مگر حیرت انگیز طور پر دوسری کار پر سوار کسی بھی شخص کو معمولی چوٹ بھی نہیں آئی ہے ۔ اس بات کا پتہ نہیں چل پایا کہ گوا نمبر پلیٹ والی کار پر کتنے لوگ سوار تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ بنگلور کی ایک فیملی مرڈیشور میں سیاحت کے بعد دھرمستھلا ہوتے ہوئے بنگلور جارہے تھے، مگر دھرمستھلا پہنچنے سے پہلے ہی حادثہ پیش آیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی گنگولی ہیلپ لائن سروس کی ایمبولینس اور سماجی کارکنوں کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی  اور چار لوگوں کو فوری اپنی ایمبولنس پر پہلے کنداپور، پھر منی پال شفٹ کیا، جبکہ دوسری ایک ایمبولنس پر ایک مریض کو لے جایا گیا۔

گنگولی پولس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔


Share: