نئی دہلی، 2 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ(ڈائل)نے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے(آئی جی آئی)کی چہار دیواری کی تعمیر میں کسی بھی دخل اندازی کو روکنے کے لیے دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔ڈائل نے کہا ہے کہ اس سال جنوری میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کے بعد ہوائی اڈوں کے علاقے کو اہم نشانے پر مانا جا رہا ہے۔اپنی درخواست میں ڈائل نے کہا کہ چہار دیواری کی تعمیر کے بعد اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی سیکورٹی میں ایک اور لائن جڑ جائے گی۔آئی جی آئی انتہائی حساس ہوائی اڈے کے زمرے میں آتا ہے۔اس سال جنوری میں ہوئے پٹھان کوٹ ایئر فورس اسٹیشن پر حملے کے بعد ہندوستانی سیکورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے تھے۔ڈائل کا الزام ہے کہ چہار دیواری کی تعمیر کا کام شاہ آباد محمدپور گاؤں کے باشندوں کے پر تشدد احتجاج کی وجہ سے روک دیا گیاتھا ، حالانکہ تعمیراتی کام مکمل طور پر ہوائی اڈے کی زمین پر کیا جا رہا تھا۔اس نے عدالت سے کہاکہ یہ بتانا ضروری ہے کہ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ انتہائی حساس ہوائی اڈوں کے زمرے میں آتا ہے اور اور پٹھان کوٹ حملے کے بعد اسے دہشت گردوں کے اہم نشانے پرمانا جا رہا ہے۔چیف جسٹس جی روہنی اور جج سنگیتا ڈھینگرا سہگل کی بنچ نے گاؤں کی نمائندگی کرنے والی تنظیم اور متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ ڈائل کی درخواست کا جواب داخل کریں ۔معاملے کی اگلی سماعت 17؍اکتوبر کو ہوگی۔