ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / نائیجیریا کے بنیو ریاست میں بندوق برداروں کا ہولناک حملہ، 100 سے زائد افراد ہلاک، کئی خاندان زندہ جلائے گئے

نائیجیریا کے بنیو ریاست میں بندوق برداروں کا ہولناک حملہ، 100 سے زائد افراد ہلاک، کئی خاندان زندہ جلائے گئے

Sun, 15 Jun 2025 17:47:51    S O News

نائیجیریا، 15 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): نائیجیریا کی سینٹرل بنیو ریاست کے یلے واٹا گاؤں میں بندوق برداروں کے ایک وحشیانہ حملے میں 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ہفتے کے روز اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ہلاکت خیز واقعہ جمعہ کی دیر رات شروع ہوا اور ہفتہ کی صبح تک جاری رہا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نائیجیریا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "اس حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے، کئی لاپتہ ہیں، جب کہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں جنہیں مناسب طبی سہولتیں دستیاب نہیں ہو پا رہیں۔ ظلم کی انتہا یہ تھی کہ متعدد کنبوں کو ان کے کمروں میں بند کرکے زندہ جلا دیا گیا۔"

تنظیم کے مطابق حالیہ مہینوں میں بنیو ریاست میں ایسے پُر تشدد حملوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور بندوق بردار کھلے عام اور بے خوف ہو کر قتل و غارت گری کر رہے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ چونکہ متاثرہ افراد کی اکثریت کسانوں پر مشتمل ہے، اس لیے یہ صورتحال غذائی تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہے۔

ایمنسٹی سمیت کئی بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں نے نائیجیریا حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری رہائش، راحت اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ ساتھ ہی ان جھڑپوں کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی بھی تیار کی جائے۔

واضح رہے کہ بنیو ریاست نائیجیریا کی درمیانی پٹی میں واقع ہے، جہاں شمال کی مسلم اکثریتی آبادی اور جنوب کی عیسائی اکثریتی آبادی کا آپس میں ملاپ ہوتا ہے۔ اس خطے میں چرواہوں اور کسانوں کے درمیان زمین کے استعمال کو لے کر کئی دہائیوں سے تنازع چلا آ رہا ہے۔ چرواہے اپنے مویشیوں کے لیے چراگاہیں تلاش کرتے ہیں، جبکہ کسان زمین کو کاشت کے لیے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔

یہ جھڑپیں اکثر نسلی، مذہبی اور زمینی تنازعات کو مزید گہرا کر دیتی ہیں۔ صرف گزشتہ ماہ بھی گیور ویسٹ ضلع میں مشتبہ چرواہوں نے ایک حملے میں کم از کم 42 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ تحقیقاتی ادارے ایس بی ایم انٹلیجنس کے مطابق 2019 سے لے کر اب تک ان جھڑپوں میں 500 سے زائد افراد جان گنوا چکے ہیں اور تقریباً 22 لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔


Share: