نئی دہلی ، 19/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) ایئر انڈیا اپنی ذیلی کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس کے ساتھ مل کر جمعرات 19 مارچ کو مغربی ایشیا کے لیے 48، جبکہ انڈیگو 26 پروازیں چلائے گی۔
ان میں دبئی کی پروازیں بھی شامل ہیں۔ دبئی میں فضائی آپریشن معطل رہنے کے بعد بدھ کی سہ پہر چار بجے ہوائی اڈے کو پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ایئر انڈیا گروپ نے بتایا کہ وہ سعودی عرب کے شہر جدہ سے دہلی اور ممبئی کے لیے آج ایک ایک باقاعدہ پرواز چلائے گا، جبکہ ریاض سے دہلی کے لیے بھی اس کی ایک باقاعدہ پرواز دستیاب ہوگی۔
ایئر انڈیا ایکسپریس جدہ سے بنگلورو، حیدرآباد اور کوزی کوڈ کے لیے ایک ایک باقاعدہ پرواز آپریٹ کرے گی۔ عمان کے دارالحکومت مسقط سے دہلی، کوزی کوڈ اور ممبئی کے لیے ایئر لائن کی ایک ایک پرواز ہوگی۔
خصوصی پروازوں کے سلسلے میں ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس دہلی سے دبئی کے لیے ایک ایک پرواز چلائیں گی۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کا ابوظہبی سے بنگلورو، دہلی، کوچی، کوزی کوڈ اور ممبئی کے لیے بھی پروازیں چلانے کا منصوبہ ہے۔
ایئر لائنز راس الخیمہ کے لیے دہلی، کوچی، کوزی کوڈ، لکھنؤ اور تروواننت پورم سے، جبکہ شارجہ سے منگلورو اور ممبئی کے لیے خصوصی پروازیں چلائے گی۔ اس کے علاوہ ریاض اور کوزی کوڈ کے درمیان بھی ایک پرواز چلائی جا رہی ہے۔
انڈیگو نے آج کے لیے کل 26 پروازوں کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہ دبئی سے ممبئی کے درمیان ایک پرواز آپریٹ کرے گی، جبکہ اس کے علاوہ ابوظہبی، مسقط، جدہ اور مدینہ کے لیے بھی اس کی پروازیں دستیاب ہوں گی۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے مغربی ایشیا میں صورتحال کافی سنگین ہے اور فضائی ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی ممالک کی فضائی حدود اب بھی مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ کئی دیگر ہوائی اڈوں سے محدود تعداد میں پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔