ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ترکی کے مغربی حصے میں زلزلے کے شدید جھٹکے؛ تین عمارتیں منہدم، کئی زخمی، کوئی جانی نقصان نہیں

ترکی کے مغربی حصے میں زلزلے کے شدید جھٹکے؛ تین عمارتیں منہدم، کئی زخمی، کوئی جانی نقصان نہیں

Tue, 28 Oct 2025 14:21:48    S O News
ترکی کے مغربی حصے میں زلزلے کے شدید جھٹکے؛ تین عمارتیں منہدم، کئی زخمی، کوئی جانی نقصان نہیں

انقرہ، 28 اکتوبر (ایس او نیوز / اسوسی ایٹڈ پریس): ترکی کے مغربی صوبہ بالی کیسیر (Balikesir) میں پیر کی شب ائے ایک طاقتور زلزلہ میں کم از کم تین عمارتیں اور ایک دو منزلہ دکان زمین بوس ہوگئیں۔ حکام کے مطابق یہ تمام عمارتیں پہلے ہی ایک سابقہ زلزلے میں متاثر ہوچکی تھیں۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

ترکی کی آفات و ہنگامی حالات سے نمٹنے والی ایجنسی "اے ایف اے ڈی" (AFAD) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز سندیرگی (Sindirgi)، صوبہ بالی کیسیر میں تھا۔ یہ جھٹکے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 48 منٹ پر (1948 GMT) 5.99 کلومیٹر کی گہرائی میں محسوس کیے گئے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جو استنبول، بورصہ، مانیسا اور ازمیر جیسے قریبی صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا (Ali Yerlikaya) نے بتایا کہ سندیرگی میں کم از کم تین خالی عمارتیں اور ایک دو منزلہ دکان زمین بوس ہوچکی ہے، جب کہ یہ تمام ڈھانچے پہلے ہی پچھلے زلزلے سے متاثر تھے۔

بالی کیسیر کے گورنر اسماعیل اُستاؤغلو (Ismail Ustaoglu) کے مطابق 22 افراد زلزلے کے دوران خوف کے باعث گرنے سے زخمی ہوئے، جنہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے مگر امدادی ٹیمیں علاقے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں۔

سندیرگی کے ضلعی افسر دوگوکان کوئیونجو (Dogukan Koyuncu) نے سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو سے گفتگو میں بتایا کہ “اب تک کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔”

مقامی میڈیا ہابر ترک (Haberturk) کے مطابق خوف زدہ شہری رات بھر گھروں سے باہر کھلے میدانوں میں رہے۔ بارش شروع ہونے کے بعد گورنر نے مساجد، اسکولوں اور اسپورٹس ہالز کو کھول دیا تاکہ لوگ وہاں پناہ لے سکیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ اگست میں بھی سندیرگی میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے بالی کیسیر اور اطراف کے علاقے چھوٹے جھٹکوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ترکی زلزلوں کے لحاظ سے دنیا کے سب سے حساس خطوں میں شامل ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سال 2023 میں ترکی کے جنوبی اور جنوب مشرقی صوبوں میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے میں 53 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں عمارتیں تباہ یا متاثر ہوئی تھیں، جبکہ پڑوسی ملک شام کے شمالی حصوں میں 6 ہزار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔


Share: