واشنگٹن، 5 /جنوری (ایس او نیوز): امریکہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں آندھرا پردیش کے مغربی گوداوری ضلع کے پالکولّو سے تعلق رکھنے والے ایک تیلگو جوڑے کی موت ہوگئی، جبکہ ان کے دو کمسن بچے زخمی ہو گئے ۔ حادثے کی خبر سے نہ صرف امریکہ میں مقیم بھارتی برادری بلکہ آندھرا پردیش میں بھی غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مہلوکین کی شناخت سافٹ ویئر انجینئر کرشنا کشور اور ان کی اہلیہ آشا کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ واشنگٹن میں اس وقت پیش آیا جب کرشنا کشور اپنی بیوی اور دونوں بچوں کے ساتھ کار میں سفر کر رہے تھے۔ ان کی گاڑی ایک شدید حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں ان کا بیٹا اور بیٹی بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بچوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
کرشنا کشور پیشے کے اعتبار سے سافٹ ویئر انجینئر تھے اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ امریکہ میں مقیم تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ تقریباً دس دن قبل ہی اپنے آبائی شہر پالکولّو ہوکر واپس امریکہ لوٹے تھے۔ واپسی کے دوران خاندان نے دبئی میں نئے سال کی تقریبات میں بھی شرکت کی تھی، جس کے بعد وہ امریکہ پہنچے تھے۔
بھارت سے واپسی کے محض ایک ہفتے کے اندر اس افسوسناک حادثے کے پیش آنے سے پالکولّو میں ان کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور مقامی لوگوں میں گہرے رنج و غم کی کیفیت ہے۔
امریکی حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی مزید جانچ جاری ہے۔