مینگلور، 31 جنوری (ایس او نیوز): منگلورو–مڈیکیری نیشنل ہائی وے پر سمپاجے کے قریب پیش آئے ایک ہِٹ اینڈ رن حادثے میں سُندر (56) نامی آٹو رکشہ ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
مہلوک سندر کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ سمپاجے گرام پنچایت کا سابق نائب صدر تھا۔ حادثے کے وقت وہ اپنا آٹو رکشہ چلا رہا تھا۔ سڑک کے ایک موڑ پر تیز رفتار کار نے اوور ٹیک کرنے کی کوشش کے دوران پیچھے سے سندر کے رکشہ کو ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہوگئی۔
کار کی ٹکر کے باعث آٹو رکشہ سڑک پر الٹ گیا، جس کے بعد سامنے سے آنے والی لاری اس سے ٹکرا گئی۔ اس شدید حادثے میں آٹو ڈرائیور سندر ہلاک ہوگیا، جبکہ رکشہ میں سفر کر رہی ایک خاتون زخمی ہوگئی، جسے علاج کے لیے سُولیا کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاع کے مطابق، رکشہ کو ٹکر مار کر فرار ہونے والی کار کو مڈیکیری دیہی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کر لیا۔ بعد ازاں ایک چیک پوسٹ پر کار سمیت اس کے ڈرائیور راجو کو گرفتار کر لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ میسورو کا رہنے والا کار ڈرائیور راجو راستہ معلوم کرنے کے لیے موبائل فون پر گوگل میپ دیکھ رہا تھا، اسی دوران اس سے یہ حادثہ پیش آیا۔