دبئی، 6 دسمبر (ایس او نیوز) دبئی کے قریب عجمان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے AUZ T20 بلاسٹ ایڈیشن 3 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں آرگنائزر AUZ Challengers نے Fab11 کو شکست دے کر شاندار کامیابی درج کی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
30 نومبر کو کھیلے گئے فائنل میں AUZ Challengers نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز کا بہترین اسکور کھڑا کیا، جواب میں Fab11 کی ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اور یوں AUZ Challengers نے 25 رنز سے فائنل سمیت پورا ٹورنامنٹ جیت لیا۔
میچ کے آغاز میں AUZ کے اوپنرز نوار اور اسماعیل خان محض چوتھے اوور میں پویلین لوٹ گئے، مگر اس کے بعد عفیف برماور اور عبدالبدیع منیری نے ذمہ داری سنبھالی اور بہترین شراکت قائم کی۔ عفیف نے 50 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی جبکہ بعد میں آنے والے اسماعیل محتشم نے صرف 22 گیندوں پر 49 ناٹ آؤٹ بنا کر اسٹیڈیم کا ماحول گرما دیا۔

اس سے پہلے لیگ میچوں میں بھی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے اور بہترین کارکردگی دکھانے والی چار ٹیمیں پلے آف میں پہنچیں۔
29 نومبر کو کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں AUZ Challengers نے حنیف وارئیرز کو آسانی سے مات دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ ایلیمنیٹر میچ میں Fab11 اور Seedar Abu Dhabi کے درمیان کھیلا گیا میچ اتنا دلچسپ اور اعصاب شکن رہا کہ آخری گیند تک معلوم نہیں ہورہا تھا کہ میچ کس کروٹ بیٹھے گا، آخرکار Fab11 نے Seedar Abu Dhabi کو باہر کا راستہ دکھا دیا۔
کوالیفائر 2 جو اگلے دن 30 نومبر کو کھیلا گیا، Fab11 نے حنیف وارئیرز کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی اور فائنل میچ میں AUZ Challengers نے فیب الیون کو ٢٥ رنوں سے شکست دے کر شاندار جیت درج کی۔
چمپئن AUZ Challengers نے دس ہزار درہم اور خوبصورت ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ رنرز اپ Fab11 کو پانچ ہزار درہم کے ساتھ رنرزآپ ٹرافی دی گئی۔
اس ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ رہی کہ AUZ Challengers پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی — اور اپنی مضبوط ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریبِ انعامات میں BMKC اور BMJD کے نمائندگان، بشمول عتیق الرحمن منیری، شہریار خطیب اور جیلانی محتشم نے شرکت کی اور جیتنے والی ٹیم اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔ مہمانان نے کھلاڑیوں کی ڈسپلن کے ساتھ کھیلنے اور شائقین کرکٹ کو بہترین میچز سے لطف اندوز کروانے پر بھرپور سراہنا کی، جبکہ ٹورنامنٹ کے شاندار انتظام پر AUZ انتظامیہ کی بھی تعریف کی۔
جس طرح بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا، اُسی طرح شائقین کرکٹ کے لئے بھی لکی ڈرا رکھا گیا تھا۔ بمپر انعام سوزوکی برگمن تھا، جبکہ دوسرا انعام 50,000 روپے، تیسرا انعام 25,000 روپے کے علاوہ 25 دیگر انعامات بھی شامل تھے، بچوں کے لئے بھی خصوصی انعامات رکھے گئے تھے، جس کے باعث شائقین آخر تک بھرپور دلچسپی کے ساتھ میدان میں موجود رہے۔

ٹورنامنٹ میں بیسٹ بیٹسمین کا اعزاز اسماعیل محتشم، بیسٹ باولر خلیل گولٹے، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اسماعیل خان، جبکہ فیئر پلے ایوارڈ لَکشری زون نے حاصل کیا۔
آخر میں ٹورنامنٹ کے کرتا دھرتا اور AUZ کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالبدیع منیری نے تمام ٹیموں کے ذمہ داران، کھلاڑیوں اور امارات میں مقیم بھٹکلی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہی کے تعاون نے اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ انہوں نے اصل کامیابی کا سہرا AUZ آرمی کی انتھک محنت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ آرمی نے پردے کے پیچھے رہ کر اس ٹورنامنٹ کو شاندار کامیابی تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔