ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو:کوگِلو میں مکانات انہدام معاملہ: بازآبادکاری اور معاوضے کے مطالبے پر ہائی کورٹ میں پی آئی ایل دائر

بنگلورو:کوگِلو میں مکانات انہدام معاملہ: بازآبادکاری اور معاوضے کے مطالبے پر ہائی کورٹ میں پی آئی ایل دائر

Fri, 02 Jan 2026 01:43:42    S O News
بنگلورو:کوگِلو میں مکانات انہدام معاملہ: بازآبادکاری اور معاوضے کے مطالبے پر ہائی کورٹ میں پی آئی ایل دائر

بنگلورو یکم جنوری (ایس او نیوز): بنگلورو کے یلہنکا کے قریب واقع کوگِلو لے آؤٹ میں مبینہ غیر قانونی مکانات کے انہدام کے معاملے میں متاثرین کی بازآبادکاری اور معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعرات کو کرناٹک ہائی کورٹ میں عوامی مفاد کی عرضی (پی آئی ایل) دائر کی گئی ہے۔

زیبا ۰تبسم اور دیگر درخواست گزاروں نے ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مکانات سے محروم ہونے والے افراد کو فوری بازآبادکاری اور مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ درخواست گزاروں نے عدالت کے سامنے متعدد مطالبات رکھے ہیں۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 30 برسوں سے اس علاقے میں تقریباً تین ہزار افراد مقیم تھے، تاہم وسیم اور فقیر کالونیوں کے انہدام کے بعد بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو اس وقت ایس ڈی پی آئی اور اے آئی ایم آئی ایم جماعتوں کی جانب سے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پی آئی ایل میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرین کو موجودہ مقام سے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں ہی متبادل رہائش فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ بازآبادکاری تک متاثرین کو روزانہ تین وقت غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے۔

درخواست گزاروں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ عارضی طور پر 300 علیحدہ خیمے، بیت الخلاء کی مناسب سہولت، طبی نظام اور صحت کی جانچ کا انتظام کیا جائے۔ ساتھ ہی مکانات کے انہدام کے بدلے متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کی بھی عدالت سے اپیل کی گئی ہے۔


Share: