ڈھاکہ ،18/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں موجود حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر ہفتہ کی دوپہر خوفناک آگ لگ گئی، جس کے بعد وہاں سے سبھی پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ سبھی پروازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا تاکہ مزید کوئی بڑا حادثہ سرزد نہ ہو جائے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ایئرپورٹ پر آگ لگنے کا واقعہ تقریباً 2.15 بجے کارگو ٹرمینل میں پیش آیا، جس کے بعد وہاں افرا تفری مچ گئی۔ آگ لگنے کے بعد 4 پروازوں کو چٹگاؤں کے شاہ امانت بین الاقوامی ہوائی اڈہ کی طرف موڑ دیا گیا۔
’بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز‘ کے ترجمان کوثر محمود نے بتایا کہ آگ لگتے ہی ہوائی اڈہ کی فائر بریگیڈ ٹیم، فضائیہ کی فائر یونٹ اور دیگر ایجنسیوں کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں اور مل کر آگ پر قابو پانے کی مہم شروع ہو گئی۔ فی الحال آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں اور سبھی پروازوں کا آپریشن روک دیا گیا ہے۔ اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے، لیکن بڑے مالی نقصان کا اندیشہ ضرور ہے۔
ایئرپورٹ پر جس جگہ آگ لگی ہے، اس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ عام طور پر درآمد سامانوں کو رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فائر سروس ہیڈکوارٹر کے میڈیا سیل افسر طلحہ بن جسیم نے سہ پہر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی شدت بہت سنگین ہے۔ 16 فائر بریگیڈ یونٹ موقع پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ دیگر 16 یونٹ راستے میں ہیں۔
ہوائی اڈہ کے کارگزار ڈائریکٹر کے ترجمان مسعود الحسن کا بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ فائر سروس، بنگلہ دیش ایئرفورس اور ایئرپورٹ اہلکار مل کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق احتیاطاً کئی طیاروں کو ہینگر سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر لے جایا گیا ہے تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔ مجموعی طور پر 28 فائر یونٹ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔