ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: کوگلو بستی انہدام معاملہ، سیاسی تنازع کے بیچ وزیر اعلیٰ کا بے دخل اہل خاندانوں کے لیے بایپّناہلّی میں متبادل رہائش کا اعلان

بنگلورو: کوگلو بستی انہدام معاملہ، سیاسی تنازع کے بیچ وزیر اعلیٰ کا بے دخل اہل خاندانوں کے لیے بایپّناہلّی میں متبادل رہائش کا اعلان

Tue, 30 Dec 2025 13:31:30    S O News
بنگلورو: کوگلو بستی انہدام معاملہ، سیاسی تنازع کے بیچ وزیر اعلیٰ کا بے دخل اہل خاندانوں کے لیے بایپّناہلّی میں متبادل رہائش کا اعلان

بینگلورو 30/ڈسمبر (ایس او نیوز) شمالی بنگلورو کی کوگلو بستی میں خاندانوں کی بے دخلی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کو کم کرنے کی کوشش میں وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اہل متاثرہ خاندانوں کو بایپّناہلّی (Baiyappanahalli) میں واقع کثیر منزلہ رہائشی عمارتوں میں بسایا جائے گا۔ یہ مکانات اصل میں غریبوں کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت تعمیر کیے گئے تھے اور یہ علاقہ بیاٹرایناپورہ اسمبلی حلقہ میں واقع ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 167 غیر مجاز شیڈس کو تقریباً 15 ایکڑ سرکاری زمین سے ہٹائے جانے کے بعد سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا۔ معاملہ اس وقت قومی سطح پر زیر بحث آیا جب کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین نے وسیم لے آؤٹ اور فقیر کالونی میں مکانات کے انہدام کو “بلڈوزر راج” قرار دیا۔

تنازع بڑھنے پر کانگریس ہائی کمان نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں زیادہ احتیاط، حساسیت اور انسانی ہمدردی کے ساتھ کی جانی چاہئیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے انہدامی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ زمین سرکاری ملکیت تھی اور وہاں ویسٹ مینجمنٹ منصوبے قائم کیے جانے تھے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انسانی بنیادوں پر اہل خاندانوں کے لیے متبادل رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق ہر فلیٹ کی لاگت 11.20 لاکھ روپے ہے، جس کا بڑا حصہ گریٹر بنگلورو اتھارٹی (GBA) اور محکمۂ رہائش برداشت کریں گے۔ ‘اونٹی مانے’ اسکیم کے تحت جی بی اے 5 لاکھ روپے فراہم کرے گا، جبکہ ریاستی و مرکزی سبسڈی کے ذریعے تقریباً 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ جنرل زمرے کے مستحقین کو بقیہ 2.5 لاکھ روپے قرض کی شکل میں ادا کرنا ہوں گے، جس کے انتظام کی یقین دہانی وزیرِ رہائش ضمیر احمد خان نے کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے لیے سبسڈی زیادہ ہونے کے باعث مالی بوجھ نسبتاً کم ہوگا۔ متاثرہ خاندانوں میں سے اہل افراد کی فہرست افسران کی جانب سے تیار کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مکانات کی الاٹمنٹ نئے سال کے پہلے ہفتے تک مکمل کر لی جائے گی۔ بایاپّناہلّی، کوگلو بستی سے تقریباً 7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

پریس کانفرنس میں نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ حکومت بنگلورو کو جھگی بستی میں تبدیل ہونے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ زمین لیگیسی ویسٹ سے بھری ہوئی تھی اور رہائش کے قابل نہیں تھی، جبکہ یہاں کچرا صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ پلانٹس قائم کیے جانے ہیں۔

کوگلو میں مجوزہ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ 

کوگلو کی زمین پر 50 ٹن بایو میتھینائزیشن یونٹ کے علاوہ جانوروں کے فضلے اور سینیٹری ویسٹ کی پروسیسنگ کے لیے الگ پلانٹس قائم کرنے کی تجویز ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ غریب اور کمزور خاندانوں سے پیسے لے کر سرکاری زمین پر غیر قانونی بستیاں بسانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


Share: