
بنگلورو، 31 جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)بنگلورو کے معروف رئیل اسٹیٹ ڈویلپر اور کاروباری شخصیت سی جے رائےنے جمعہ کی دوپہر اپنے دفتر میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جاری کارروائی کے دوران مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب انکم ٹیکس حکام ان کے کاروباری گروپ کے مالی معاملات اور ریکارڈز کی جانچ کے لیے ان کے دفتر میں چھاپہ مار کارروائی کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق سی جے رائے گزشتہ کچھ عرصے سے شدید دباؤ میں تھے، کیونکہ ان کے بزنس گروپ کے مالی لین دین اور ٹیکس معاملات پر انکم ٹیکس حکام کی نگرانی بڑھتی جا رہی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کاروباری دباؤ اور جاری تفتیش اس افسوسناک واقعے کا ممکنہ پس منظر ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انکم ٹیکس حکام نے صبح سویرے سرچ آپریشن شروع کیا جو پورے دن جاری رہا۔ دوپہر کے وقت جب سی جے رائے دفتر پہنچے، حکام نے فوری طور پر ان سے سوالات کا سلسلہ شروع کیا، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ تفتیشی ٹیم نے کچھ مخصوص مالی دستاویزات طلب کیں تاکہ ریکارڈز کی وضاحت کی جا سکے۔
سی جے رائے نے اجازت مانگی کہ وہ مطلوبہ کاغذات اپنے نجی کمرے سے لے آئیں۔ یہ درخواست معمول کے مطابق قبول کر لی گئی، لیکن چند لمحوں بعد صورتحال انتہائی خطرناک رخ اختیار کر گئی۔ جیسے ہی وہ اپنے کمرے میں داخل ہوئے، اچانک ایک گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔
اطلاعات کے مطابق سی جے رائے نے اپنی ذاتی پستول سے اپنے سینے میں گولی ماری، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ انکم ٹیکس حکام نے فوری طور پر انہیں بچانے کی کوشش کی اور نارائنہ اسپتال منتقل کیا، تاہم اسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام یہ بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ مکمل طور پر خودکشی ہےیا اس کے پیچھے کوئی اور عوامل کارفرما تھے۔