ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کی یادگار ثقافتی پکنک؛ نوائط تہذیب، لنگی، روایات اور نئی نسل کا حسین سنگم

جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کی یادگار ثقافتی پکنک؛ نوائط تہذیب، لنگی، روایات اور نئی نسل کا حسین سنگم

Fri, 09 Jan 2026 14:16:53    S O News
جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کی یادگار ثقافتی پکنک؛ نوائط تہذیب، لنگی، روایات اور نئی نسل کا حسین سنگم

جدہ: 9 جنوری (حبیب اللہ محتشم/پریس ریلیز) بھٹکل کمیونٹی جدہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی ثقافتی پکنک 2026 نہایت کامیابی، جوش و خروش اور بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ یہ پکنک جمعرات، 8 جنوری 2026 کو منعقد کی گئی، جس میں کمیونٹی کے ممبران، ان کے اہلِ خانہ اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ اجتماع محض تفریح تک محدود نہیں تھا بلکہ بھٹکلی تہذیب، نوائط ثقافت اور صدیوں پر محیط روایات کو زندہ رکھنے، خصوصاً نئی نسل کو اپنے اصل تہذیبی ورثے سے جوڑنے کی ایک سنجیدہ اور قابلِ تقلید کوشش ثابت ہوا۔

WhatsApp Image 2026-01-09 at 7.10.39 AM

پکنک کے دوران “اَمچی تہذیب اَنی اَمچی ثقافت چَو ایک مظاہرہ” اور “امی تومی سامیو یک زایا — میلون بھاوڈا پرین رہایا” جیسے نعرے محض الفاظ نہیں رہے بلکہ پورے پروگرام میں ان کا عملی مظاہرہ صاف طور پر نظر آیا۔

بھٹکل کمیونٹی جدہ ہمیشہ سے ثقافت، اخوت اور باہمی ربط کے فروغ کے لیے سرگرم رہی ہے اور اپنے ممبران کے لیے معلوماتی، فلاحی اور تفریحی سرگرمیوں کا باقاعدہ اہتمام کرتی آرہی ہے، تاکہ نہ صرف کمیونٹی میں اتحاد مضبوط ہو بلکہ افراد کی پوشیدہ صلاحیتیں بھی نکھر کر سامنے آئیں۔ اسی وژن کے تحت اس مرتبہ پکنک کو خالص ثقافتی رنگ دیا گیا، جس کی سب سے نمایاں اور منفرد خصوصیت یہ رہی کہ تمام شرکاء کے لیے لنگی پہننا لازم قرار دیا گیا۔

WhatsApp Image 2026-01-09 at 1.38.25 AM
WhatsApp Image 2026-01-09 at 1.38.25 AM (1)

لنگی میں ملبوس بزرگ، نوجوان اور بچے اس بات کا خوبصورت ثبوت تھے کہ پردیس میں رہتے ہوئے بھی اپنی نوائط ثقافتی شناخت سے مضبوطی کے ساتھ جڑا جا سکتا ہے۔ یہ اقدام بالخصوص ان بچوں اور نوجوانوں کے لیے نہایت مؤثر رہا جو جدہ میں پیدا ہوئے اور یہیں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، تاکہ وہ اپنی اصل تہذیب، لباس اور روایات کو قریب سے سمجھ سکیں۔ جدید دور میں، جہاں الیکٹرانک گیجٹس، موبائل فون اور ویڈیو گیمز بچوں کی زندگی کا لازمی حصہ بنتے جا رہے ہیں، وہاں کمیونٹی کی جانب سے روایتی کھیلوں کا انعقاد ایک خوش آئند اور قابلِ ستائش قدم ثابت ہوا۔

پکنک میں بھٹکل نوائط کمیونٹی کے روایتی کھیلوں کو خصوصی اہمیت دی گئی، جن میں لگّوری، گھوٹِیو، چار کھونشے (چار کونا)، لنگڑی اور بھونگرے شامل تھے۔ یہ کھیل نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنے بلکہ بچوں اور بڑوں دونوں میں جسمانی سرگرمی، ٹیم ورک اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام بھی دیتے رہے۔

اس کے علاوہ بچوں اور بڑوں کے لیے مختلف اسپورٹس سرگرمیوں، بچوں کے لیے خصوصی فن زون، ثقافتی سیشنز اور خواتین کے لیے علیحدہ مخصوص سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جس سے ہر طبقے کو بھرپور شرکت اور لطف اندوزی کا موقع ملا۔ بھٹکل کمیونٹی جدہ نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ وہ پردیس میں رہتے ہوئے بھی ایک متحرک، باشعور اور ذمہ دار جماعت ہے جو اپنی زبان، ثقافت اور روایات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

بھٹکل کے خالص نوائط کلچر اور نوائط کمیونٹی کی تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے والے اس منفرد پروگرام کا باقاعدہ آغاز عبداللہ نوید ائیکری کی پُراثر تلاوتِ کلامِ پاک اور بلال نوید ائیکری کے نوائط ترجمہ سے ہوا۔ جماعت کے جنرل سکریٹری نوید حسن ائیکری نے استقبالیہ خطاب میں پروگرام کی غرض و غایت اور نوائط ثقافت کی اہمیت پر جامع انداز میں روشنی ڈالی۔ حسن سدی باپا اور ان کی ٹیم نے نوائط کمیونٹی کے معروف شاعر مرحوم عبدالرحیم ارشاد کے لنگی پر لکھے گئے نوائطی گیت کو دلکش انداز میں پیش کرتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ لنگی نوائط کمیونٹی کی شان، شناخت اور روایتی ڈریس کوڈ ہے۔ دیگر شرکاء نے بھی مختلف نوائطی گیت پیش کرکے حاضرین کو نوائطی تاریخ، ثقافت اور روایات کی خوشگوار سیر کرائی۔

آخر میں پکنک کنوینر عمران قاسمجی نے کلمۂ تشکر پیش کیا، جبکہ پروگرام کی صدارت جماعت کے صدر عبیداللہ عسکری نے کی اور نظامت کے فرائض جماعت کے سکریٹری تمیم رکن الدین نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

Bhatkal Community Jeddah organises Picnic (2)
Bhatkal Community Jeddah organises Picnic
 


Share: