ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: منشیات کے بڑھتے استعمال پر قابو پانے کے لیے نیو شمس اسکول کی ضلع انتظامیہ سے مؤثر اقدامات کی اپیل

بھٹکل: منشیات کے بڑھتے استعمال پر قابو پانے کے لیے نیو شمس اسکول کی ضلع انتظامیہ سے مؤثر اقدامات کی اپیل

Tue, 17 Nov 2026 12:44:31    S O News
بھٹکل: منشیات کے بڑھتے استعمال پر قابو پانے کے لیے نیو شمس اسکول کی ضلع انتظامیہ سے مؤثر اقدامات کی اپیل

بھٹکل 17 نومبر (ایس او نیوز): نیو شمس اسکول بھٹکل نے طلبہ اور نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

یوم اطفال کے موقع پر اسکول کی جانب سے پیر کو منشیات مخالف بیداری ریلی نکالی گئی۔ بھٹکل سرکل انسپکٹر دیواکر نے بندر روڈ پر ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی میں شریک طلبہ نے منشیات کے مضر اثرات سے متعلق نعرے لگاتے ہوئے شمس الدین سرکل سے ہوتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر تک مارچ کیا۔ اس موقع پر بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی نوین نے طلبہ کو منشیات مخالف عہد بھی دلایا۔

اسکول کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو پیش کردہ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی غیر قانونی فروخت اور استعمال پر سختی سے روک لگائی جائے اور طلبہ کو منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ میمورنڈم میں اسکولوں اور کالجوں میں مسلسل بیداری پروگرام منعقد کرنے کے ساتھ نشے کی لت میں مبتلا نوجوانوں کے لیے علاج، مشاورت اور بازآبادکاری کی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اسکول نے پولیس، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے منشیات کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی بھی اپیل کی۔

میمورنڈم وصول کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مہیش نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو ڈپٹی کمشنر کے علم میں لائیں گے۔

اس موقع پر شمس ایجوکیشن ٹرسٹ کے نائب صدر مولانا ضیاء الرحمن ندوی، رکن مولانا عزیز الرحمن ندوی اور اساتذہ ایم آر مانوی، عبداللہ ربیع خلیفہ اور مولانا سبحان ندوی سمیت دیگر افراد موجود تھے۔


Share: